لاہور(نامہ نگار)صدر آل پاکستان انجمن تاجران خالد پرویز نے کہا ہے کہ چھوٹے تاجران پر فکسڈ ٹیکس کے حوالے سے ایف بی آر سے رابطہ میں ہیں۔ فکسڈ ٹیکس کی تجویز انجمن تاجران نے ہی پیش کی تھی اور جلد چھوٹے تاجر اس ضمن میں خوشخبری سُنیں گے ۔ انھوں نے کہا اس وقت ملک کے جو حالات ہیں ان میں افہام و تفہیم اور بات چیت و مذاکرات سے تنازعات کو حل کرنے کی ضرورت ہے ناکہ سڑکوں پر نکلا جائے اور ہڑتالوں کی کال دی جائے ۔ یہ آپشن تو اس وقت اختیار کیے جائیں جب ایف بی آر چھوٹے تاجروں کے ٹیکس حوالے سے ان کے مطالبات تسلیم نہ کرے ۔ فکسڈ ٹیکس سکیم جلد جاری ہو رہی ہے اور شناختی کارڈ کے حوالے سے بھی حکام سے بات چیت جاری ہے جس کے مثبت نتائج بارے انجمن تاجران پُر امید ہے ۔