لاہور/ملتان (اپنے سٹاف رپورٹر سے ،سٹاف رپورٹر،خصوصی رپورٹر)لاہورمیں شدید آندھی کے باعث 165 سے زائد فیڈز ٹرپ کر گئے ، بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے آدھے سے زیادہ شہراندھیرے میں ڈوب گیا ، گلشن راوی، اقبال ٹاؤن، کرشن نگر، والٹن، شالامار،گڑھی شاہو،شادباغ ،جوہر ٹاون، فیصل ٹاؤن، سبزہ زار، ماڈل ٹاؤن ،شادمان ،مغلپورہ،بادامی باغ سمیت درجنوں علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل رہی ، رات گئے تک کئی علاقوں میں بجلی بحال نہ ہوسکی۔ترجمان لیسکو کا کہنا تھا کہ آندھی رکتے ہی بجلی کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا ۔ادھر ملتان میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی ، شہر کے مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے سے ایک شخص محمد بلال جاں بحق،درجنوں افراد زخمی ہو گئے جنہیں نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ 120 کلو میٹر رفتار کی آندھی اور 25 ملی میٹربارش نے میپکو ریجن کے مختلف علاقوں میں بجلی کا ترسیلی نظام درہم برہم کر دیا ۔ 155 فیڈرز ٹرپ کر نے کے باعث متعدد علاقوں میں گھنٹوں ا ندھیرا رہا ۔ محکمہ موسمیا ت کے مطابق گزشتہ روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم خشک رہا تاہم مالاکنڈ،ڈی جی خان، ٹھٹھہ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پرآندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی،آج جمعرات کے روز لاہور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم خشک ،پنجاب کے میدانی علاقوں اور سندھ میں شدید گرم جبکہ راولپنڈی، ہزارہ، کوہاٹ، بنوں، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال،ژوب، ڈی جی خان، بہاولپور ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پربارش کا امکان ہے ۔گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت سبی، جیکب آباد 46،سکھر، ڈی جی خان، لاڑکانہ، روہڑی، دادو میں 45 جبکہ لاہور میں 41 سینٹی گریڈ رہا۔