غزہ (این این آئی ) اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے میں مزید فلسطینیوں کے مکان مسمار کردیئے ،بیمار نوجوان پر زبردست تشدد کیا۔ اسرائیل کی فوجی عدالت نے فلسطین کی خاتون سیاسی ر ہنما خالدہ جرار کو دو سال قید اور بھاری جرمانہ کی سزا سنائی دی ،اسرائیل میں ملٹری انٹیلی جنس ڈویژن 8200 کے سربراہ کو تبدیل کردیا گیا۔ سربراہ فلسطینی اتھارٹی محمود عباس نے الیکشن ٹریبونل کے قیام کا فرمان جاری کردیا جس کا حماس نے بھی خیر مقدم کیا ہے ۔اسرائیل کی عدالت عظمی نے ملک میں یہود کی شناخت سے متعلق سب سے اہم متنازع معاملے کے بارے میں اپنا فیصلہ سنا دیا ہے اور قراردیا ہے کہ یہودی مذہب قبول کرنے والے مزید غیر آرتھوڈکس نقل مکانی کرکے اسرائیل میں آسکتے اور اس کے شہری بن سکتے ہیں۔ قابض فوج نے وحشی جلادوں نے ایک نہتے اور بیمار فلسطینی کو دوران حراست عقوبت خانے میں غیرانسانی تشدد کا نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں اس کی زندگی خطرے سے دوچار ہوگئی ہے ۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق 20 سالہ قاسم احمد بغدادی کو اسرائیلی فوج نے المسکوبیہ نامی ایک بدنام زمانہ حراستی مرکز منتقل کیا گیا جہاں اسے مسلسل دو دن تک وحشیانہ طریقے سے مارا پیٹا جاتا رہا بغداد ھیموفیلیا کا شکار ہے اور گرفتاری کے وقت بھی اس کے منہ سے خون نکل رہا تھا۔