لاہور(نامہ نگار) پی آئی اے میں اصلاحات اور احتساب کا عمل جاری ہے ، ماہ جولائی میں 63 ملازمین جن میں مشتبہ لائسنس کے حامل پانچ کپتان بھی شامل ہیں کیخلاف کارروائی کی گئی۔ پی آئی اے کے شبعہ ہیومن ریسورس نے ملازمین کے خلاف کی جانے والی کارروائی کی فہرست جاری کر دی، پی آئی اے نے جعلی تعلیمی اسناد کے حامل 28 ، بغیر اطلاع عرصے سے غیر حاضر 27 ملازمین جبکہ مشتبہ لائسنس کے حامل پانچ کپتانوں کو ملازمت سے فارغ کر دیا۔ غبن میں ملوث دو ملازمین جبکہ نا اہلی پر ایک ملازم کو نوکری سے برخاست کیا گیا۔ کام سے انکار پر چار ملازمین کی تنزلی کی گئی۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی کر نے والے تین ملازمین کے انکریمنٹ میں کٹوتی بطور سزا دی گئی ۔ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق پی آئی اے نے اچھی کارکردگی کے حامل 13 ملازمین کو تعریفی اسناد جبکہ دو ملازمین کو کیش ایوارڈ بھی دئیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے میں بغیر کسی دبائو کے سزا و جزا کا عمل جاری رہے گا۔