لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے رہنما اور وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ اگر برطانوی اخبار کی خبرغلط ہے تو شریف فیملی اس کیخلاف کیس کرے ، دال میں کچھ توکالا ہے ، صحافی اپنی خبر پر ڈٹاہواہے ۔چینل92 نیوز کے پروگرام’’جواب چاہئے ‘‘میں میزبان ڈاکٹر دانش سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ہم حکومت میں ہیں لیکن ادارے آزاد ہیں ،وہ اپنا کام کریں۔ وزیراعظم کرپشن کے خلاف ہیں ،وہ کسی کو انتقام کا نشانہ نہیں بناناچاہتے ۔ میں تسلیم کرتا ہوں کہ احتساب ابھی آئیڈیل نہیں اور صرف سیاستدانوں کا ہورہاہے ، پی ٹی آئی کے بھی کئی لوگ انکوائریاں بھگت رہے ہیں۔ ن لیگ کا احتساب پہلی بارہورہاہے ،مشرف دور میں2 ماہ احتساب ہوا پھر انکی ڈیل ہوگئی۔ چیئرمین سینٹ کے الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ نہیں ہونی چاہئے ۔ن لیگ کی رہنما مائزہ حمید نے کہا کہ ایرا 2005میں بنی تھی، اس وقت نوازشریف اور شہبازشریف فیملی سمیت جلا وطن تھے لیکن یہ حکومت اپنے بادشاہ عمران خان کو خوش کرنے کیلئے کوئی نہ کوئی سکینڈل لے آتی ہے ، اگر انکے پاس ثبوت ہیں تو عدالت میں جائیں۔ شریف فیملی برطانوی اخبار کیخلاف کیس کرنے جارہی ہے ۔ حکومت چیئرمین سینٹ الیکشن کے موقع پر ہارس ٹریڈنگ کریگی ، اراکین اسمبلی کو 16 کروڑ روپے کے فنڈز دیئے ، یہ کیا ہے ؟۔سابق وفاقی وزیر شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ن لیگ نے ڈیلی میل کو کچرا قرار دیا لیکن جب یہ کچرا انکے حق میں جائے تو ٹھیک لیکن جب خلاف ہو تو یہ کچرا بن جاتاہے ۔ برطانیہ میں کرپشن نہیں، یہ کہنا غلط ہے ، وہاں بھی تمام معاملات ہوتے ہیں۔ ڈیلی میل کی خبر کے حوالے سے حکومت کی طرف سے پریس کانفرنس کی سمجھ نہیں آتی، یہ ساری چیزوں کو اپنے ساتھ نتھی کرلیتے ہیں۔ لگتاہے کہ حکومت کے پاس اچھے لوگوں کی ٹیم نہیں اوربیوروکریسی کی ٹیم بھی درست نہیں۔