لاہور،اسلام آباد(نامہ نگار، نمائندہ خصوصی، سٹاف رپورٹر ، 92نیوز رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نواز شریف آج صبح دس بجے لاہور ائیرپورٹ سے لندن روانہ ہوں گے ۔ وزارت داخلہ نے انہیں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ون ٹائم بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی ہے تاہم ان کا نام بدستور ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل رہے گا۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق قطر سے ایئر ایمبولینس صبح ساڑھے آٹھ بجے اور بعض ذرائع کے مطابق پونے نو بجے لاہور پہنچے گی جس کیلئے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے تیاری مکمل کرلی ہے ۔ ایئر ایمبولینس شریف خاندان کو لے کر حج ٹرمینل سے روانہ ہوگی، نواز شریف کے ہمراہ شہباز شریف اور ڈاکٹر عدنان بھی جائیں گے ۔وفاقی حکومت نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو ائیرایمبولینس کے متعلق تحریری طور پر آگاہ کردیا ہے جس پر سول ایوی ایشن نے ائیرٹریفک کنٹرولر کو ایمبولینس کی آمد کا شیڈول جاری کردیا ۔نواز شریف جاتی عمرہ سے کاررواں کی صورت میں ایئر پورٹ پہنچیں گے ،کاررواں میں مریم نواز، ان کے شوہر کیپٹن صفدر اور خاندان کے افراد سمیت پارٹی رہنما بھی موجود ہوں گے ۔نواز شریف ایمبولینس کی بجائے گاڑی کے ذریعے ائیر پورٹ جائیں گے تاہم شریف میڈیکل سٹی کی ایمبولینس بھی کاررواں کے ساتھ لاہور ائیر پورٹ جائے گی۔شہبازشریف نے قوم اور کارکنوں سے اپیل اورپیغام میں کہانوازشریف نے پاکستان کی دل سے خدمت اورعوام سے محبت کی ہے ،نوازشریف کوآج آپ کی دعاوَں کی ضرورت ہے ،آپ کی دعاوَں سے نوازشریف جلدروبصحت ہوں گے ،آپ کی دعائیں وہ اثررکھتی ہیں جوکسی دوا میں نہیں،کارکنان ایئرپورٹ تشریف لانے کے بجائے دعائیں کریں،نوازشریف صحت مندہوکرواپس لوٹیں گے ،عوام شانداراستقبال کرینگے ۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ ملنے پرون ٹائم پرمیشن لیٹرجاری کردیاگیا،وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایاقانون کے مطابق نوازشریف کا نام ای سی ایل میں بدستور شامل ہے اور رہے گا، نواز شریف عدالتی احکامات کی تصدیق شدہ نقل دکھا کر ملک سے باہرجاسکیں گے ، نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالاجائے گا البتہ ای سی ایل کے کمپیوٹرائزڈ سسٹم میں عدالتی حکم کا ذکر کردیا جائے گا، نوازشریف پاسپورٹ کے ہمراہ ائیرپورٹ پر تصدیق شدہ عدالتی حکم دکھانے اور4ہفتوں کی مقررہ مدت میں پاکستان واپس آنے کے پابندہونگے ۔ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے باضابطہ طور پر حکومت پنجاب کو اس حوالے سے آگاہ کر دیاگیا ہے ۔مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ڈاکٹروں نے نوازشریف کا تفصیلی طبی معائنہ کیا ،نواز شریف کو دوران سفر پلیٹ لیٹس کی تعداد برقرار رکھنے کیلئے سٹیرائیڈزکی ہائی ڈوز دی جارہی ہے ، سٹیرائیڈز اورادویات کے زیادہ مقدارمیں استعمال سے ہونے والے سائیڈایفکٹس کوکنٹرول کرنے کی کوششیں جاری ہیں،قوم اور کارکنان سے ایک بار پھر نوازشریف کی صحت کیلئے خصوصی دعا کی اپیل ہے ۔اپنے ٹویٹرپیغام میں نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کہا نواز شریف کولے جانے کیلئے ایئر ایمبولینس میں آئی سی یو اور آپریشن تھیٹر کی سہولت بھی ہے ، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کا عملہ بھی نوازشریف کے ہمراہ سفرکریگا۔