کراچی ( سٹاف رپورٹر)ڈیفنس خیابان بخاری میں دوست کیساتھ قتل ہونیوالے نجی ٹی وی کے اینکرپرسن مرید عباس کے کیس میں ایک ارب روپے سے زائد کا مالی فراڈ سامنے آنے پرانویسٹی گیشن پولیس نے معاملہ قومی احتساب بیورو کے سپرد کرنے کی سفارش کردی،ایس ایس پی انویسٹی گیشن ون ساؤتھ کی جانب سے ڈی آئی جی ساؤتھ زون کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات کے دوران کیس مالیاتی اسکینڈل میں تبدیل ہوچکا ہے جسکے دستاویزی ثبوت بھی موجود ہیں اورمالیاتی تنازع پر ہی ملزم عاطف نے مرید عباس اورخضرحیات کو قتل کیا،معاملہ ایک ارب سے زائد رقم کا ہے اوراس سکینڈل سے متاثرہونے والے افراد کی تعداد 100سے زائد جو نیب کا دائرہ کاربنتا ہے ،پولیس پررقم کی برآمدگی کیلئے بہت دباؤ ہے اوراگرکسی کو رقم نہ مل سکی تو یہ پولیس کیلئے بدنامی کا باعث ہوگا۔ دریں اثنا جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے مرید عباس قتل کیس میں ملزم عاطف کے جسمانی ریمانڈ میں19جولائی تک توسیع کردی، تفتیشی افسرنے ملزم کوعدالت میں پیش کرنے کے لیے مزید مہلت طلب کی، عدالت نے تفتیشی افسرکو 19 جولائی تک تفتیشی رپورٹ پیش کرنے کاحکم دیدیا، ملزم کے وکیل نے ملاقات کی اجازت کے لیے درخواست جمع کرائی جس پرتفتیشی افسرنے بتایاکہ ڈاکٹرزکی اجازت کے بغیرکوئی ملزم سے نہیں مل سکتا، وکیل مدعی مقدمہ جاوید چھتاری نے میڈیاسے گفتگو میں کہا کہ ملزم سے تفتیش میں پولیس سرجن کو بھی شامل کیاجائے ۔ملزم بااثرہے ،ایسے مقدمات میں پولیس ملزم سے مل جاتی ہے ،ایسے مقدمات میں پرائیویٹ ڈاکٹرکی رپورٹ پرہی صرف انحصارنہیں کیا سکتا۔