لاہور،عبدالحکیم (سٹاف رپورٹر،این این آئی) جمعیت علمائے اسلام پاکستان ( ف) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہا ہے ہم اب استعفیٰ دینے نہیں، لینے آرہے ہیں ،31 اکتوبر کو تمام قافلے اسلام آباد میں داخل ہونگے ، ہم پر امن طور پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے ، امید ہے نئے انتخابات ہونگے ، اب تو نواز شریف نے کہہ دیا کہ ہم نے مولانا فضل الرحمن کی بات نہ مان کر غلطی کی،ہمیں ن لیگ نے مارچ میں شمولیت کی یقین دہانی کرائی ہے ۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاپہلی حکومتی کمیٹی نے بھی کچھ نہیں کیا اور اب دوسری کمیٹی بھی ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر گامزن ہے ، عمران خان اپوزیشن سے بات کرنا چاہتے نہ پارلیمنٹ میں آنا چاہتے ہیں، ہمارے وفد کا چودھری شجاعت سے ملاقات کا مقصد صرف عیادت کرنا ہے ، اسکو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہئے ۔حکومت کی دوغلی پالیسی سمجھ سے بالاتر ہے ،حکومت جتنے مرضی حربے استعمال کر لے ہر حال میں آزادی مارچ ہوگا۔ عمران الیکشن میں اکیلے تھے ہمیں پتہ ہے وہ اقتدار میں کیسے آئے ۔ریاست مدینہ کا نام لیکر عمران خان مذہبی کارڈ استعمال کررہے ہیں انہوں نے ریاست مدینہ والا کوئی کام کیا ہے تو قوم کو بتائیں۔وزیر اعظم کو گھربھیجنے پر پوری اپوزیشن اور قوم متحدہے ۔ مولانا امجد خان نے کہا اپوزیشن وزیر اعظم کے استعفی پر ایک پیج پر ہے ۔