ہم جانتے ہیں کہ آئیڈیل فٹنس کے لیے متوازن غذا اور ورزش بے حد ضروری ہے۔ اگر ورزش میں کارڈیو ایکسرسائز بھی شامل ہوں تو یہ عمل وزن کم کرنے کیسا تھ ساتھ ایک خوشگوار اور صحت مند طرزِ زندگی فراہم کرنے کا باعث بنتا ہے۔ آپ کے لیے کون سی ورزش بہترین ہے اس بات کا فیصلہ آپ کی عمر، جسمانی ساخت اور روزمرہ کی مصروفیات دیکھ کر کیا جاسکتا ہے۔

کارڈیو ورک آئوٹ

جسم میں موجود چربی کو پگھلانے کی بات ہو تو کارڈیو ایکسرسائز کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ ماہرین کارڈیو ایکسرسائز کو وزن کم کرنے کے لیے ایک بہترین ورک آئوٹ تسلیم کرتے ہیں۔ ہارورڈ یونیورسٹی کے ماہرین کارڈیو ورک آئوٹ کو جسم میں موجود چربی کو تیزی سے پگھلانے کے لیے معاون قرار دیتے ہیں۔ ان کے مطابق کارڈیو ایکسرسائز میٹابولزم بڑھانے، مزاج کو بہتر بنانے، جگراور دل کی صحت کے لیے مفیداور تیزی سے وزن کم کرنے کا سب سے آسان اور موثر طریقہ ہے۔ کارڈیو ایکسرسائزمیں ایک نہیں کئی قسم کی ورزشیں شامل ہیں، جن کی خاص بات یہ ہے کہ ان ایکسرسائز کے ذریعے کم کیا ہوا وزن دوبارہ نہیں بڑھتا۔ ان خاص خصوصیات کے سبب ماہرین کارڈیو ایکسرسائز کو ایک صحت مند طرزِ زندگی کے لیے لازمی قرار دیتے ہیں۔

تیز دوڑنا

ماہرین ڈھلوان سطح پر تیز تیز چلنے کوبھی تیزی سے کیلوریز جلانے والی ورزش کے طور پر تسلیم کرتے ہیں۔ کسی بھی ڈھلوان سطح پر روزانہ باقاعدگی سے30سے منٹ تک تیز تیز چلنے کی عادت اپنائیں، یہ عادت آپ کو فٹ رکھنے اور تیزی سے وزن کم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ماہرین کے مطابق روزانہ ایک گھنٹہ تیز تیز چلنے کا عمل 890کیلوریز جلانے میں مددگار ہوتا ہے۔ تیز چلتے ہوئے باڈی بیلنس کا خاص خیال رکھیں کیونکہ اگر یہ خیال نہ رکھاجائے تو جوڑوں میں درد کے مسائل پیدا ہوجاتے ہیں۔دوسری اہم بات یہ کہ اگر آ پ کا لائف اسٹائل اب تک ان سب چیزوں کا عادی نہیں ہے تو کوشش کیجیے کہ شروعات 500قدم چلنے سے کریں پھر آہستہ آہستہ اس میں اضافہ کیجیے۔

رسّی کودنا

یقیناً آپ نے بھی اپنے بچپن میں رسّی بہت کودی ہوگی بلکہ یوں کہا جائے تو زیادہ بہتر ہوگا کہ بچپن رسّی کودتے اور نت نئے کھیل کھیلتے ہوئے کیسے گزرگیا، پتا ہی نہ چل سکا۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ بچپن کا یہ آسان اور مزیدار کھیل آپ کا وزن کم کرنے کے لیے کس حد تک مددگار ہوتا ہے؟ماہرین کے مطابق رسّی کودنا تیزی سے وزن کم کرنیاور جسم کو متحرک رکھنے میں مدد کرتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بغیر وقفہ لیے ایک منٹ تک مسلسل رسّی کودی جائے تو اس ایک منٹ کے دوران کوئی بھی انسان120مرتبہ رسّی کودنے کا عمل بآسانی کرسکتا ہے۔اگر آپ بھی ایسا کرنے لگ جائیں تو سمجھ لیجیے کہ اس ایک منٹ میں آپ 900کیلوریز جلانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

کک باکسنگ

کک باکسنگ صرف مردوں کے لیے ہی نہیں بلکہ عورتوں کے لیے بھی ایک بہترین ایکسرسائز ثابت ہوسکتی ہے۔ ماہرین، کک باکسنگ کو تیزی سے چربی پگھلانے والی ایکسرسائز کے طور پر تسلیم کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر آپ 90سیکنڈ کا سیشن کررہے ہیں تو صرف 30سیکنڈ کا وقفہ لیں، اس طر ح آپ ایک گھنٹہ میں بآسانی 800 کیلوریز جلانے میں کامیاب ہوجائیں گی۔

سائیکلنگ

اگر آپ تیزی سے وزن کم کرنے کی خواہشمند ہیں تو سائیکلنگ بھی ایک بہترین ایکسرسائز ثابت ہوسکتی ہے۔ طبی ماہرین سائیکلنگ کو بہترین جسمانی ورزش کے طور پر تسلیم کرتے ہیں، جو اچھی صحت یقینی بنانے کے ساتھ ہر عمر کے افراد کیلئے ضروری ہے۔سائیکلنگ اس لحاظ سے بھی زیادہ فائدہ مند قرار دی جاتی ہے کہ اس کا شوق گھر میں رہتے ہوئے بھی باآسانی پورا کیا جاسکتا ہے۔ سائیکل چلانے سے پورے جسم میں خون کا دورانیہ بڑھ جاتا ہے اور انسان جسمانی طور پر زیادہ فٹ رہتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ ایک گھنٹہ سائیکل چلانا 300سے زائد کیلوریز جلانے میں مدد دیتا ہے۔