صدر مملکت آصف علی زرداری نے پنجاب ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے نئے گورنروں کی تقرری کی منظوری دے دی ہے ،صدر مملکت نے سردار سلیم حیدر خان کی بطور گورنر پنجاب، فیصل کریم کنڈی گورنر خیبر پختونخوا اور جعفر خان مندو خیل کی بطور گورنر بلوچستان تعیناتی کی منظوری دی،صدر مملکت نے گورنروں کی تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 101 (1) کے تحت دی۔8فروری 2024ء کو ہونے والے الیکشن کا مرحلہ نئے گورنروں کی تعیناتی کے ساتھ ہی پایہ تکمیل کو پہنچ گیاہے ۔ پاور شیئرنگ فارمولے کے تحت مسلم لیگ ( ن) اور پی پی پی کے درمیان طے پایا تھا کہ خیبرپختو نخوااور پنجاب میں پیپلزپارٹی ،سندھ اور بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) گورنر نامزد کرے گی ، مسلم لیگ (ن) نے گزشتہ روز پارٹی کے صوبائی صدر جعفر مندوخیل کو بلوچستان کا گورنر نامزدکیا تھا۔اس کے بعد عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی باری آتی ہے کیونکہ عوام نے سیاسی پارٹیوںکو صرف اور صرف اس مقصد کے لیے ووت دیئے تھے کہ یہ اقتدار میں آکر انھیں ریلیف فراہم کریں گی ۔ سیاسی پارٹیاں اقتدار میں تو آگئیں ،وزراتیں بن گئیں ،وزیر اعظم بیرون ممالک کے دورے بھی کر رہے ہیں لیکن عوام کو ابھی تک کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا گیا ۔یہی وجہ ہے کہ عوام اب آہستہ آہستہ اس سسٹم سے ہی مایوس نظر آ رہے ہیں ۔حکمران اتحاد اور تمام سیاسی پارٹیوں سے گزارش ہے کہ عوام کو اس سسٹم سے مایوس مت کریں ۔