فیڈرل پبلک سروسز کمیشن نے سنٹرل سپریئر سروسز (سی ایس ایس) 23ء کے امتحانات کا رزلٹ جاری کیا ہے جس میں 13ہزار 8امیدواروں میں سے 401تحریری جبکہ 386وائیوا کے بعد کامیاب قرار پائے ہیں۔ پاکستان میں حکومتی نظام چلانے اور اداروں کو مضبوط بنیادوں پراستوار کرنے کے لئے اہل اور باصلاحیت افسران کی تعیناتی کے لئے فیڈرل پبلک سروسز کمیشن ملک بھر میں مقابلے کا امتحان منعقد کرواتا ہے جس میں بہترین اہل افراد کو میرٹ کے مطابق سول سروسز میں تعینات کیا جاتا ہے۔ ماضی میں یہ تاثر رہا ہے کہ کیونکہ سول سروسز کے امتحان کی تیاری کے لئے پسماندہ علاقوں میں سہولیات میسر نہیں اس لئے ان علاقوں کے ہونہار طلباء و طالبات مقابلے کا امتحان پاس نہیںکرپاتے۔ ممکن ہے یہ تاثر کسی حد تک مبنی برحقیقت ہو مگر نتائج اس بات کے شاید ہیں کہ امسال مقابلے کے امتحان میں پنجاب کے ضلع منڈی بہائو الدین کے امیدوار نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ سندھ بلوچستان کے پی کے اور گلگت بلتستان یہاں تک کہ قبائلی اضلاع کے امیدوار بھی کامیاب ہوئے ہیں، یہ درست ہے کہ میرٹ میںان پوزیشنز پہلے آٹھ نمبر پر نہیں مگر بلوچستان کے امیدوار کا9 ویںپوزیشن حاصل کرنا خوش آئند اور اس امر کی تائیدہے کہ بلوچستان کے طلبہ قابلیت اور صلاحیتوں میں ملک کے کسی بھی حصے کے طلبہ سے کم نہیں۔ بہتر ہو گا حکومت بلوچستان سمیت ملک بھر کے پسماندہ علاقوں میں مقابلے کے امتحانات کی تیاری کے لئے سرکاری سطح پر انتظام کرے۔