صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بلوچستان کو ترقی اور خوشحالی دینا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان کو خوشحال اور ترقی یافتہ بنا کر استحکام پاکستان کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرینگے، بلوچستان اپنے معدنی وسائل اور طویل ساحلی پٹی کی بدولت خاص اہمیت کا حامل ہے۔اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ بلوچستان کے مسائل اس قدر زیادہ ہو چکے ہیں کہ اسے حل کیے بغیر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن نہیں کیا جا سکتا ،بلوچ علیحدگی پسندوں نے پورے صوبے کو یر غمال بنا رکھا ہے ۔جس کی وجہ سے عام آدمی کے مسائل بھی بڑھ چکے ہیں ۔بلو چستان کی بنجر زمینوں کو بہتر کرنا مسئلے کا حل نہیں ہے بلکہ وہاں کے مسائل کا حل عام آدمی کے مسائل کو حل کرنا ہے ۔بلوچستان میں جب تک عام آدمی کے مسائل حل نہیں ہوتے تب تک وہاں پر اربوں روپے خرچ کر لیں کبھی بھی خوشحالی نہیں آئے گی ۔ماضی میں بھی پیپلز پارٹی کی حکومت کے دور میں وہاں پر اربو ں روپے کے منصوبے شروع کیے گئے تھے مگر ان کا کوئی بھی فائدہ نہیں ہوا ۔وہ منصوبے بلوچستان کو خوشحال نہیں کر سکے ۔ دنیا تیزی کیساتھ ترقی کر رہی ہے، بلوچستان کے معدنی وسائل کو جدید طریقے سے نکالنے کی ضرورت ہے، یہاں تیل اور گیس موجود ہیں لیکن حکومت نے آج تک اس شعبے کو جدید خطوط پر استوار نہیں کیا ۔اب وقت ہے کہ بلوچستان کے قدرتی وسائل کو نکال کر ملکی معاشی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔