ملتان(سٹاف رپورٹر) تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا ایک منشور، ایک وژن ہے ، ہماری روایتی حکومت نہیں ہم کچھ کرکے دکھائیں گے ۔ملتان میں شادیوں کی اجتماعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ جو پی ٹی آئی کے منشور کے ساتھ نہیں، انہیں عوام نے ووٹ نہیں دیا۔اب لوگوں کو قرض نہیں کاروبار کیلئے گرانٹ ملے گی، یکم جولائی تک جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بن جائیگا،جنوبی پنجاب کے فیصلے اب یہیں ہوں گے ، جنوبی پنجاب صوبہ بننے میں وقت لگے گا، بہت پیچیدگیاں ہیں۔انہوں نے مزید کہا عمران خان 2019 میں جنوبی پنجاب کے عوام کو تحفہ دیں گے ، وزیراعظم کے فیصلے کی مکمل حمایت کرتا ہوں، ملتان جنوبی پنجاب کا سب سے بڑا اور مرکزی شہر ہے ، جنوبی پنجاب کے لوگوں کی ملتان تک رسائی بہاولپور کی نسبت آسان ہے ۔تقریب میں ہر دلہن کو دو لاکھ روپے کا جہیز کا سامان دیا گیا۔ جہانگیر ترین نے جوڑوں کو فی کس 10ہزار روپے سلامی دینے کا بھی اعلان کیا ۔