لاہور (نیٹ نیوز، اے ایف پی) فرانسیسی صدر میکغوں کی جانب سے اسلام کیخلاف ہرزہ سرائی کے بعد دنیا بھر سے مذمتی بیانات سامنے آ رہے ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر میکغوں کو شرم دلانے کیلئے شیم آن یو میکغوں ٹاپ ٹرینڈ رہا اور اس ہیش ٹیگ کے ساتھ بحث مباحثہ بھی جاری ہے ۔سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ صدر اردوان اور وزیراعظم عمران خان نے فوری مذمت کر کے بروقت جواب دیا،اردوان نے ایک مرتبہ پھر آگے بڑھ کر امت مسلمہ کے جذبات کی ترجمانی کی جبکہ عرب ممالک اور قیادت حسب روایت اس مسئلے پر تاحال خاموش ہیں۔بعض نے عمران خان کو مخاطب کر کے کہا کہ محترم وزیراعظم فرانسیسی سفیر کو واپس بھیجنے کا وقت ہے ، کم از کم اس وقت تک جب تک فرانس مسلمانوں سے معافی نہیں مانگتا۔ علاوہ ازیں سوشل میڈیاپرفرانس اور اسکی مصنوعات کے بائیکاٹ کا ہیش ٹیگ بھی ٹریند کر رہا ہے جس کی حمایت ہزاروں افراد کر رہے ہیں، متعدد مسلمان ملکوں میں ان مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جا رہا ہے ۔