پشاور(سٹاف رپورٹر)پشاور کی مقامی عدالت میں توہین رسالت کے الزام میں گرفتار ملزم کو عدالت میں جج کے سامنے فائرنگ کرکے قتل کردیاگیا، پولیس نے بروقت کارروائی کے دوران ملزم کو حراست میں لیکر تھانے منتقل کردیاجبکہ واردات کے بعد عدالت میں بھگدڑ مچ گئی اور لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا،چیف کیپٹل پولیس آفیسر پشاور محمد علی گنڈا پور نے واقعہ کے بعد عدالت کا دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے بتایا کہ ایک شخص کو سیشن جج شوکت علی کی عدالت میں دوران سماعت فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا ، ملزم کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا ،ا نہوں نے بتایا کہ پولیس تفتیش کر رہی ہے کہ ملزم پستول کے ساتھ کیسے کمرہ عدالت میں داخل ہوا ہے ،مقتول کی شناخت طاہر احمد نسیم کے نام سے ہوئی جو پشاور کے علاقہ اچینی بالا کا رہائشی ہے جبکہ ملزم کا نام خالد بتایا گیا ہے ، عدالتی ریکارڈ کے مطابق قتل ہونے والے شخص پر توہین رسالت کا کیس 2018 ء سے چل رہا تھا، پولیس نے 25 اپریل 2018ئکو ملزم کو گرفتار کرلیا تھا اور وہ جیل میں قید تھا۔