کراچی ،کوئٹہ (سٹاف رپورٹر ، آن لائن) سند ھ اور بلوچستان میں بھی جشن آزادی بھرپور طریقے سے منایا گیا ،پرچم کشائی کی تقریبات ،شہدائے پاکستان کیلئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا ،ملک و قوم کی ترقی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔ کراچی میں سینوں پر سبز ہلالی پرچم سجائے قومی لباس میں ملبوس بچوں نے ملی نغمے اور قومی ترانے پڑھے ۔آزاد پاکستان کی صورت میں عظیم نعمت ملنے پر شکرانے کے نوافل بھی ادا کئے گئے ۔ کراچی میں بھی زبردست خوش وخروش رہا ۔مزار قائد پر شہریوں کی بڑی تعداد نے حاضری دی۔ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار رہی،عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا۔کوئٹہ میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب بلوچستان اسمبلی کے احاطے میں ہوئی جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین مری ، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ ، ارکان صوبائی اسمبلی سمیت اعلی ٰو سول عسکری حکام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔یوم آزادی کے موقع پر مستونگ سے نکالی جانیوالی استحکام پاکستان ریلی کوئٹہ پہنچ گئی شرکا نے 3 کلو میٹر طویل قومی پرچم اٹھا رکھا تھا ریلی سریاب روڈ سے ہوتی ہوئی زرغون روڈ پہنچی ۔ ریلی میں سراج رئیسانی شہید کے لوگ بھی بڑی تعداد میں موجود تھے شرکا نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ آج تجدید عہد کا دن ہے اس ریلی کا مقصد دنیا کو باور کرانا ہے کہ پاکستانی پرامن قوم ہے اور پوری قوم ایک سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے متحد ہو کر پرامن طریقے سے زندگی بسر کر رہی ہے ۔زیارت میں بھی قائد اعظم ریزیڈنسی میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی ۔