وطن عزیز کی تاریخ میں،یہ عہد ساز موقع پہلی مرتبہ دیکھنے کو ملا کہ ماہِ ربیع الاول کی بابرکت ساعتوں اور سعید لمحوں کی آمد سے قبل ہی،پنجاب کے وزیراعلیٰ کی طرف سے یکم تا 12ربیع الاول ، تقریبات’’شانِ رحمۃٌ للعالمین ﷺ‘‘کے انعقاد کے لیے ایک جامع اور مربوط پروگرام مرتب۔۔۔ بلکہ زیورِ طباعت سے آراستہ ہو کر،یکم ربیع الاول کو ہمارے سامنے آچکا ہے،جس کے ابتدائیہ میں سردار عثمان احمد خاں بزدار نے’’حرفِ عقیدت‘‘کے تحت ان تقریبات کے اہتمام و انصرام کا مقصد بیان کرتے ہوئے،حسبِ ذیل ارادت آفریں باتیں کہیں ہیں: ’’ربیع الاوّل کی اِن ایمان افروز ساعتوں میں،وہ مقدس ہستی پہلوئے آمنہ سے ہویدا ہوئی،جس نے تاریخ انسانی کے دھارے کا رُخ موڑ دیا،انسانیت کو پستی سے نکال کر،رفعتوں سے ہمکنار کرتے ہوئے،دنیا کو پیغامِ امن و محبت عطا فرمایا اور دکھی انسانیت کے کندھوں سے وہ بوجھ اتارا،جس کے نیچے وہ قرن ہا قرن سے دبی چلی آرہی تھی،آپ ﷺ کی دنیا میں تشریف آوری۔۔۔پوری انسانیت اور بالخصوص اہلِ اسلام کے لیے اللہ تعالیٰ کی سب سے بڑی نعمت اوراس کا احسانِ عظیم ہے۔ یہ آپ ﷺ ہی کے فیضانِ نظر کا اثر تھا کہ جہالت،غفلت اور ظلم کی تاریکیاں چَھٹ گئیں،قلب وذہن ،فکر ونظر اور عمل و کردار میں خوشگوار انقلاب برپا ہوگیا، ضمیر بیدار اور دل منوّر ہوئے۔آپ ﷺکی تعلیمات ہی کی بدولت حریت و مساوات کا نیا سورج طلوع ہوا۔رنگ ونسل کی تفریق ختم ہوئی اوردنیا کو انسانیت،اخوت اور مساوات کا درس ملا۔بلاشبہ نبی رحمت،رسول اکرمﷺکی ولادت باسعادت پوری انسانیت کے لیے سراپا رحمت وبرکت،آپ ﷺکی تعلیمات،طرزِ زیست اور اسلوبِ حیات تمام انسانوں کے لیے ہدایت کا سرچشمہ ہے۔اُسوۂ رسول ﷺ کی ترویج اور سیرتِ طیبہ ﷺ کے قومی سطح پر ابلاغ کے لیے،پنجاب حکومت نے یکم تا 12ربیع الاوّل بمطابق 08تا 19اکتوبر 2021ئ،’’شانِ رحمۃٌلّلعالمینﷺ‘‘کے عنوان سے صوبہ بھر میں، شایانِ شان تقریبات کے انعقاد کا اہتمام کیا ہے،جس پر مختلف صوبائی محکمہ جات نے ایک جامع اور بھرپور لائحہ عمل مرتب کیا ہے،جس میں بطور خاص صوبے کے نمائندہ دینی اور علمی مراکز کے ساتھ سکولز،کالجز اور یونیورسٹیز سمیت جملہ شعبہ ہائے حیات کی شمولیت کو خاص طور پر یقینی بنایا گیا ہے،تاکہ نسلِ نو سمیت،ہماری پوری سوسائٹی اُسوۂ حسنہ ﷺکے چشمۂ نور سے خود کو پاکیزہ،معطر اور مطہر کرسکے‘‘۔ یہ خوشگوار اور عقیدت آفریں لمحہ بھی میری آنکھوں نے پہلی مرتبہ دیکھا کہ ایک روز قبل،یعنی جمعرات کی شام جب ایوانِ اوقاف کی آٹھویں منزل سے ربیع الاول کے چاند کے طلوع کا نظارہ کرنا تھا،تو اس سے ایک گھنٹہ قبل،وزیراعلیٰ پنجاب نے8کلب روڈ پر ، میلاد النبی ﷺاور شانِ رحمۃٌ للعالمین ﷺکی تقریبات کی حتمی منظوری اور اس پر موثر عملدرآمد کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کر رکھا تھا،جس میں وزیراعلیٰ کی انتظامی ٹیم کے اصحابِ حل و عقد اور عمائدین حکومت کے ساتھ پنجاب کے تمام کمشنرز صاحبان بھی وڈیولنک کے ذریعے اس میں شامل تھے،اور اس سے قبل،وفاقی حکومت بالخصوص وزیراعظم پاکستان بھی ایسے ہی امور میں سرگرمِ عمل ہوئے،لیکن اس کارِ خیر میں سبقت تو بہرحال پنجاب حکومت کے حصّے میں آئی،جس کے مطابق انہوں نے مورخہ 09ستمبر 2021ء کوہی ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی تھی، جس میں وزیر قانون وپارلیمانی امور پنجاب، وزیر اوقاف ومذہبی امور پنجاب،وزیر برائے ہائر ایجوکیشن پنجاب،وزیر برائے سکول ایجوکیشن پنجاب ،ترجمان اطلاعات برائے وزیر اعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب،ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (آپریشنز) لاہور، سیکرٹری اوقاف ومذہبی امور پنجاب، سیکرٹری آئی &سی ،ایس &جی اے ڈی ،پنجاب ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب، سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب،سیکرٹری فنانس پنجاب ،دیگر کوئی بھی ممبر،جس کو کمیٹی نامزد کرنا چاہیے ۔ اس کمیٹی کو حسب ذیل اہداف اور ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں :۔i۔"شانِ رحمۃٌلّلعالمین ﷺکی تقریبات کے لیے جامع لائحہ عمل کی تشکیل۔ ii۔یکم تا 12ربیع الاوّل کے دوران مختلف تقریبات، بطور خاص ضلعی اور ڈویژنل سطح پرسیر ت کانفرنسز کا اہتمام ۔iii۔ضلعی،ڈویژنل اور صوبائی سطح پر سکولز اور کالجز کے طلبہ و طالبات کے مابین’’حُسنِ قرأت ونعت‘‘کے مقابلوں کا انعقاد۔ iv۔یونیورسٹیز میں’’سیرت چیئرز‘‘کا قیام ۔v۔لاہور میں’’عالمی مشائخ وعلماء کانفرنس‘‘کا اہتمام، جس میں قومی اور بین الاقوامی سکالرز بھی تشریف فرما ہوں۔ vi۔صوبائی وزرائ، ایڈوائزرز، اور معاونینِ خصوصی برائے وزیر اعلیٰ ،اپنے متعلقہ اضلاع، جو انہیں ’’پرائس کنٹرول ‘‘وغیرہ کے سلسلے میں تفویض شدہ ہیں،میں ’’تقریبات شانِ رحمۃٌ لّلعالمین ﷺ‘‘کے امور کی نگرانی کریں گے۔ مزید براں اس بابرکت موقع پر پنجاب انسٹیٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیز کو فوری طور پر فعال بنانے کے لیے پنجاب حکومت کے خصوصی اقدام، صوبہ بھر کی نمائندہ یونیورسٹیز میں’’سیرت چیئرز‘‘کا قیام،’’رحمۃٌ للعالمین ایوارڈ‘‘کا اجرائ، 12ربیع الاول کے حوالے سے جیل خانہ جات کا دورہ اور قیدیوں کے لیے قید میں خصوصی رعایت،12ربیع الاوّل کو یتیم خانہ ، اولڈ ایج ہوم، ری ہیبلی ٹیشن سینٹرز ، شیلٹر ہومز ، ایس او ایس چلڈرن ویلج اور دارالامان میں رہائش پذیر افراد کو تحائف دینے کا اہتمام، خواتین کے لیے محافل اور تقریبات کا ، الگ سے اہتمام کیا جائے ، سمیت دیگر امور کا بھی تعین ہوا۔ اس موقع پروزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تقریباتِ "شانِ رحمۃُ للعالمین ﷺ "کے ضلعی سطح پر انعقاد اور اس کی مانیٹرنگ کے لیے پنجاب کابینہ کے معزز ممبران /وزراء ، ایڈوائزرز اور معاونینِ خصوصی کواضلاع تفویض کئے ہیں، جس کے مطابق چوہدری ظہیر الدین وزیر پبلک پراسیکیوشن ،فیصل آباد، محمد تیمور خان وزیریوتھ آفیئرز اینڈ سپورٹس،جھنگ،خیال احمدوزیر کالونیز، چنیوٹ، آشفہ ریاض وزیرمحکمہ وومن ڈویلپمنٹ ،ٹوبہ ٹیک سنگھ، محمد ہاشم ڈوگروزیر پاپولیشن ویلفیئر،قصور، فیاض الحسن چوہان وزیر جیل خانہ جات،ننکانہ صاحب، میاں محمد اسلم اقبال وزیر انڈسٹری، کامرس، انوسٹمنٹ اینڈ سکل ڈویلپمنٹ،لاہور،میاں خالد محمودوزیرڈیزاسٹر مینجمنٹ ،شیخوپورہ، راجہ راشد حفیظ وزیر لٹریسی اینڈ این ایف بی ای،راولپنڈی،حافظ عمار یاسروزیر مائنز اینڈ منرلز،چکوال، ملک محمد انوروزیر ریونیو،اٹک، انصر مجید خان نیازی وزیر لیبر اینڈ ایچ آر،سرگودھا، محمد سبطین خان وزیر جنگلات،میانوالی،حافظ ممتاز احمدوزیر ای ٹی اینڈ این سی، خوشاب، میاں محمود الرشیدوزیر ایل جی اینڈ سی ڈی،گوجرانوالہ، محمد رضوان وزیر ماحولیات،گجرات،محمد اجمل وزیر سی ایم آئی ٹی،منڈی بہاؤالدین،پیر سید سعید الحسن شاہ وزیر اوقاف ومذہبی امور، نارووال ، محمد اخلاق وزیر سپیشل ایجوکیشن،سیالکوٹ،ملک نعمان احمد لنگڑیال وزیر ایم پی ڈی ڈی،ساہیوال، سید صمصام علی شاہ بخاری وزیر کانسالیڈیشن آف ہولڈنگ،اوکاڑہ، محمد جہانزیب خاں کچھی وزیر ٹرانسپورٹ، وہاڑی ، محمد اختر وزیر انرجی،ملتان، محمد محسن لغاری وزیر آبپاشی،ڈی جی خان و راجن پور، شوکت علی لالیکا وزیر زکوۃ اینڈ عشر،بہاولپور و بہاولنگر، حسین جہانیاں گردیزی وزیر زراعت،خانیوال و لودھراں،سید رفاقت علی گیلانی سپیشل معاون برائے وزیر اعلی پنجاب برائے ای ٹی اینڈ این سی،لیہ، امیر محمد خان سپیشل معاون برائے وزیر اعلی برائے جنگلات،بھکر، عمر فاروق سپیشل معاون برائے وزیراعلیٰ برائے یوتھ آفیئرز اینڈ سپورٹس،حافظ آباد، عبدالحی دستی ایڈوائزر برائے وزیر اعلیٰ برائے زراعت،مظفر گڑھ، فیصل حیات ایڈوائزر برائے وزیراعلیٰ برائے لائیو سٹاک اینڈ ڈائری ڈیویلپمنٹ ،پاکپتن، آصف محمود ایڈوائزر برائے وزیر اعلی برائے پی ایچ اے اینڈ ٹورازم، جہلم، محمد حنیف ایڈوائزر برائے وزیر اعلیٰ برائے صحت،رحیم یار خان۔