فیصل آباد(بلال سکندر)حکومت کی بہتر پالیسیوں کے باعث ٹیکسٹائل کا اہم سیکٹر پاورلوم انڈسٹری بہتری کی جانب گامزن ہونے لگا،صرف تین ماہ میں اربوں روپے مالیت کی چالیس ہزار سے زائد جدید لومز کی درآمدکرلی گئیں جب کہ بھاری مالیت کی جدید مشینری کے لئے مزید آرڈرز بھی دیئے جاچکے ہیں،رپورٹ کے مطابق جدید لومزسے کم وقت میں زیادہ کپڑا تیار کیاجاسکے گا اورکپڑے کے معیارمیں بھی بہتری آئے گی جس سے بیرونی مارکیٹ میں ہمسایہ اوردیگر ممالک سے بہتر طورپرمقابلہ کیاجاسکے گا اورایکسپورٹ میں اضافہ ہوگا۔تاریخ میں پہلی بارایسا ہو رہا ہے کہ پاورلومز انڈسٹری کو جدید ٹیکنالوجی پرمنتقل کیاجانے لگا ہے اورپاورلومز کے مالکان ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن کے حوالے سے حکومتی فنڈنگ کا بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں جو ملکی صنعت کی ترقی اورمعیشت کی بحالی کی جانب سے اہم سنگ میل قرار دیا جارہاہے ،قبل ازیں اس سیکٹر میں پرانی لومز استعمال کی جارہی ہیں جس سے کپڑے کی لاگت میں اضافہ اورمعیار بھی کم ہونے کی وجہ سے بیرون مارکیٹوں میں مقابلہ کرنا مشکل ہورہا تھا،رپورٹ کے مطابق رواں سال اکتوبر، نومبر اور دسمبر میں 40 ہزار سے زائد پاور لومز درآمد کی گئی ہیں۔اس حوالے سے چیئرمین پاور لوم اونرز ایسوسی ایشن وحیدخالق رامے کا کہنا ہے کہ پاورلوم سیکٹر کے لئے جدید ٹیکنالوجی کی حامل لومز درآمد کرنا بہت بڑی کامیابی ہے ،اس سے انڈسٹری اپنے پائوں پرکھڑی ہوجائے گی اورنمایاں صنعتی ترقی ہوگی۔صدر فیصل آباد چیمبر احتشام جاوید نے جدید ٹیکنالوجی کی پاور لومز کو کپڑے کی صنعت میں انقلاب قرار دیا ہے ۔انہوں نے حکومتی پالیسیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ صنعت کار ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن فنڈ سکیم سے بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں، مشکل حالات اور کورونا کی صورت حال کے باوجود انڈسٹری کی موجودہ پوزیشن بہتری کی جانب گامزن ہے ،صنعتوں کا پہیہ یونہی چلتا رہا تو روزگار کے بھی مواقع پیدا ہوں گے ۔