لاہور(کامرس رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ڈی چوک جلسہ مافیا کے تابوت میں آخر ی کیل ثابت ہوگا۔وزیراعظم کی کال پرملک بھر سے لاکھوں کارکن اسلام آباد کارخ کررہے ہیں ۔اسلام آباد کا جلسہ خیر اور شر کی جنگ بن چکا ۔مخالفین وزیراعظم کا بال بھی بیکا نہیں کرسکتے ۔کپتان کے ساتھ ہم سب چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔قبل ازیں وزیراعلیٰ سے کمالیہ میں وفاقی و صوبائی وزراء اورارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ کو کمالیہ سمیت ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہاکہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 22ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے لا ئے گئے ۔ملاقات کرنیوالوں میں فرخ حبیب، ریاض فتیانہ، آشفہ ریاض، ہاشم جواں بخت،حافظ ممتاز احمد، نصر اللہ دریشک اوردیگر شامل تھے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے بھی ملاقات کی،جس میں پنجاب میں طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے جاری پراجیکٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں جتنے ہسپتال ہم نے بنائے اوراپ گریڈ کئے ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ۔صوبائی وزیر نے طبی پراجیکٹس پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے لاہور کے بعض علاقوں میں پتنگ بازی کے واقعات پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرانے کاحکم دیتے ہو ئے کہا کہ پتنگ بازی کرنے والے افراد کے خلاف بلاامتیاز ایکشن لیا جائے ۔