لاہور (وقائع نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی و نامزد وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے ترجمان فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہہ منحرف ار کان کا ووٹ صرف حکومت کی طرف کاسٹ ہونے پر ہی تسلیم ہو گا، گو سپریم کورٹ کا فیصلہ ہماری منشاء کے مطابق نہیں آیا لیکن پارٹی نے اس کے سامنے سر تسلیم خم کیا۔ ان خیالات کا اظہار فیاض الحسن چوہان نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کے دوران کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جتنی جلدی یہ فیصلہ آیا، کاش ہماری طرف سے دائر کردہ پٹیشن پر بھی نظام عدل ایسے ہی فوری متحرک ہوتا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گلبرگ کے ایک ہوٹل میں ہمارے متعدد اراکین ن لیگ کے ساتھ ملکر حکومت مخالف بیانات دے رہے ہیں۔ میں عدالت عالیہ سے گزارش کروں گا کہ لگے ہاتھوں کروڑوں عوام کی جانب سے دیئے گئے مینڈیٹ کا مذاق اڑانے پر ان اراکین کے خلاف بھی فیصلہ سنایا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ منحرف اراکین کا ووٹ صرف حکومت کی طرف کاسٹ ہونے پر ہی تسلیم ہو گا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ کرپشن اور بددیانتی کے بیش بہا سرٹیفکیٹ لینے والے شہباز شریف اور حمزہ شہباز جب خدانخواستہ حلف اٹھائیں گے تو عوام کے دلوں پر جو بیتے گی وہ ناقابلِ بیان ہے ۔ حال ہی میں سری لنکا، کویت اور اب پاکستان میں ایسی دراندازی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نمبر گیم پوری ہے ۔