لاہور ( رانا محمد عظیم) نوازشریف کے بیرون ملک جانے کے بعد مسلم لیگ ن کس بیانیے پر چلے گی اور کون پارٹی کو حقیقت میں لیڈ کرے گا کے حوالے سے قائد ن لیگ نے اپنا ویڈیو بیان ریکارڈ کرا دیا جبکہ ایک اور ویڈیو بیان بیرون ملک جا کر ریکارڈ کرایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق دونوں ویڈیو بیان موقع کی نزاکت اور حالات کو دیکھتے ہوئے جاری کئے جائیں گے ۔اگر نوازشریف کا بیانیہ ہی پارٹی کے اندر چلتا ہے تو پھر یہ ویڈیو ریکارڈنگ باہر نہیں آئے گی اور اگر پارٹی کو کوئی ہائی جیک یاتقسیم کرنے کی کوشش ہو تی ہے تو پھر ویڈیو بیان سامنے آ سکتا ہے ۔ نوازشریف کے ویڈیو بیان میں مریم نواز اور شہباز شریف دونوں کا تذکرہ ہو گا اور ساتھ میں نوازشریف کے چند وفادار قریبی ساتھیوں کا بھی ذکر ہو گا، سب سے زیادہ ترجیح اور اشارہ مریم کے نام پر ہو گا، اس ضمن میں نوازشریف نے اپنے کچھ قریبی ساتھیوں کو ہدایات بھی جاری کر رکھی ہیں اور نوازشریف ہر صورت میں مریم نواز کو اپنی جگہ دیکھنا چاہتے ہیں۔نواز شریف کے صحت مند ہو کر آنے کی صورت میں بھی وہ شہبازشریف سے زیادہ اہم ہیں۔نوازشریف کی آج بیرون ملک متوقع روانگی کے فوری بعد ن لیگ کی چند اہم ترین شخصیات بھی نوازشریف کی اہم ہدایات لینے باہر روانہ ہو جائیں گی، اگر نوازشریف کی صحت بہتر نہ ہوئی تو مریم نواز بھی دسمبر کے پہلے ہفتہ میں باہر جانے کیلئے عدالت سے رجوع کر سکتی ہیں ۔ادھر نوازشریف کے علاج کیلئے بیرون ملک جانے کے حوالے سے قطر کی ائیر ایمبولینس اور دیگر انتظامات بظاہر تو حسین نواز کرتے نظر آ رہے ہیں مگرباوثوق ذرائع کا کہنا ہے یہ تمام انتظامات سابق چئیرمین نیب سیف الرحمن کر رہے ہیں۔ سیف الرحمن قطر میں نہ صرف کاروبار کر رہے بلکہ شریف خاندان کے بہت سے کاروبار کو وہاں دیکھ بھی رہے ہیں۔ سیف الرحمن کا نام اس لیئے بھی سامنے نہیں لایا جا رہا کیونکہ اس سے پیپلزپارٹی ناراض ہو سکتی ہے ، قطری خط دلوانے میں بھی سیف الرحمان کا اہم کردار رہا جبکہ سیف الرحمان اور شریف خاندان میں بہت زیادہ قربت ہے اور دونوں خاندانوں میں رشتہ داری کے حوالے سے بھی بات چیت چل رہی ہے ۔