کراچی(سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے نواز شریف کی وطن واپسی سے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑتا،نوازشریف پاکستان آئیں انہیں 24 گھنٹوں میں ویزہ دوں گا، ان کو اپنی جیب سے ٹکٹ کی آفر کرتا ہوں، اتنا زیادہ ڈرامہ کر کے وہ گئے ، انہوں نے عدلیہ پر واراور فوج کے خلاف باتیں کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، بیماری کا اتنا بہانہ کر کے یہ گئے مگر کسی ڈاکٹر کو نہیں دکھایا، ان کے خاندان کے 3 لوگ یہاں ہیں، وہ بھی آ جائیں،آصف زرداری نے کہا کہ میں لاہور میں ٹینٹ لگانے لگا ہوں،آصف زرداری صاحب آپ کے اورمیرے ٹینٹ اکھڑنے کا وقت آ گیا ، نواز شریف اور زرداری خاندان کرپٹ ہیں، لوگوں کو معلوم ہے نواز شریف اور آصف زرداری چور ہیں، حکومت سے کسی کا ہاتھ نہیں ہٹا اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات بالکل ٹھیک ہیں، ادارے 20 دن نہیں 20 سال کی پالیسیاں بناتے ہیں، کوئی عقل کا اندھا اگر یہ سوچ رہا ہے کہ کسی ایک شخص کی پالیسی ہوتی ہے تو ایسا نہیں ہے ، اداروں کے تھنک ٹینک طویل المدتی پالیسی بناتے ہیں، ٹی ٹی پی کے ساتھ براہ راست نہیں بالواسطہ رابطے ہیں، بانی متحدہ سے کوئی بات چیت نہیں ہو سکتی، عمران کہیں نہیں جارہے ، مدت پوری کریں گے ، بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی نے کم ووٹ نہیں لئے ۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا جو افسران میرے محکمے میں روٹیشن پالیسی پر نہیں جائیں گے انہیں نکال دوں گا، ہر ادارے میں مہینے میں ایک دن خود بیٹھوں گا۔ سندھ کے 7 روزہ دورے پر آئوں گا، لوگوں کی تکالیف خود کم کروں گا، یہاں کے شہریوں کے لیے پیپلز پارٹی نے کیا کیا ہے ؟ مراد علی شاہ سے کہوں گا مرکز کے ساتھ مل کر کام کریں۔ شیخ رشید نے کہاشہبازشریف کا نام احترام سے لوں گا، ہمارا ہاتھ اور ان کا گریبان ہو گا، ان جیسے چور ہمارے گریبانوں میں ہاتھ نہیں ڈال سکتے ، شکلیں دیکھیں یہ اپنی، ان جیسی کرپشن کسی کی نہیں، جتنی کرپشن کے کیسز ان پر ہیں کسی پر نہیں ہیں، ان کے خاندان کے 3 لوگ سیاست کر رہے ہیں چوتھا بھی کر لے ۔ لوگوں میں نفرت ہے ، وہ بے شک ہماری گورننس اور سیاست سے اختلاف کرتے ہوں لیکن انہیں ذرہ برابر شک نہیں کہ شریف خاندان اور زرداری خاندان کرپٹ، بے ایمان اور ملک کی دولت باہر لے جانے والے ہیں، پاپڑ والے میں نے نہیں نکالے ، آپ کے ملازم اربوں روپے جوادھر سے ادھر کرتے رہے ہیں تو ایسا وقت بھی آسکتا ہے جب عوام اس طبقے کے ہی خلاف ہوجائیں گے ۔ لوگ ہمیں الزام دے رہے ہیں کہ ہماری وجہ سے سب ہو رہا ہے لیکن ہوا ان ہی کی وجہ سے ہے ، ہماری غلطی یہ ہے ہم وضاحت نہیں دے سکے ۔وزیرِ اعظم آخری سانس تک کرپشن زدہ سیاست کے خلاف لڑائی لڑتے رہیں گے ، ان کے دورمیں او آئی سی کی کامیاب کانفرنس ہوئی۔ ایم کیو ایم کے ساتھ تعلقات آج بھی ہیں اور کل بھی ہوں گے ، یہ لوگ جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 کی پیداوار ہیں، ان لوگوں نے وہاں جا کر ٹارزن بننے کی کوشش کی مگر ٹھس ہو گئے ، جو نام لے کر لندن سے باتیں کرتے تھے ان پر سے ہاتھ اٹھ گیاہے جبکہ میں پاکستان کی عظیم افواج سے تعلق رکھنا اپنے لئے اعزاز سمجھتا ہوں۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا چاہتے ہیں سرحد پر خاردارتاریں لگانے کا کام باہمی اشتراک سے مکمل ہو، طالبان نے یقین دلایا کہ ان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔ پچھلے سال بیمار ہوا تو احساس ہوا دوائیں مہنگی ہیں، میرے جیسا صاحبِ حیثیت بھی دوائیں افورڈ نہیں کر سکتا، چینی چوروں نے سبسڈی لی، چینی بھی یہیں رکھی، مافیاز کی جڑیں اتنی لمبی ہیں کہ ان پر ہاتھ نہیں ڈالا جا سکتا،ملک الیکشن کی طرف جا رہا ہے ، بلدیاتی الیکشن کے بعد ملک کو4 سال مکمل ہو جائیں گے ، پانچواں سال انتخابات کا ہوتا ہے ،قوم نے جو ووٹ دیئے تھے اس میں چوروں کو سزا دینی تھی، میں اتفاق کرتا ہوں ہم اس میں ناکام رہے ہیں،ملک میں نظامِ اسلام کی طاقت سے انحراف نہیں کیا جا سکتا، مودی مسلمانوں کی قتل و غارت گری کا منصوبہ بنا رہا ہے ، جمہوریت کا حسن ہے کہ کوئی زیادہ ووٹ لیتا ہے کوئی کم، خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف نے کم ووٹ نہیں لئے لیکن ان کے اپنے مسائل ہیں جس پر وہ بہتر تبصرہ کر سکتے ہیں۔کراچی کے شہریوں کو گرین لائن بس سروس کی مبارک باد دیتاہوں۔ اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی) مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ نے کہاہے نواز شریف ابھی آئے نہیں اور حکومت کی ’ٹلی‘ بج گئی ہے ۔وزیر داخلہ شیخ رشید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا نواز شریف آئیں گے تو عمران نیازی، شیدا ٹلی اور کرائے کے ترجمانوں کو چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی،قوم اپنے قائد نواز شریف کا استقبال کرنے کیلئے تیار ہے ، جن کا اپنا ٹکٹ عوام کاٹ چکے ہیں وہ اپنے ٹکٹ کی فکر کریں، نواز شریف اور شہباز شریف کے خلاف بس الزامات ہی ہیں ثبوت کوئی نہیں، نواز شریف کے واپس آنے کا خوف انہیں سونے نہیں دے رہا۔