پشاور( خبر نویس، مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ امپورٹڈحکومت کوقوم تسلیم نہیں کریگی،پورے ملک میں نکلوں گا،جب تک الیکشن کااعلان نہیں ہوتاہم سڑکوں پرر ہیں گے ،اعلان کررہاہوں آج سے حقیقی آزادی کی جنگ شروع ہے ،عمران خان نے الیکشن تک سڑکوں پررہنے کی کال دیدی۔پشاورمیں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا شاندار استقبال پر سب کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، اتوار کو ساری قوم نے سڑکوں پر نکل کر بتایا کہ امپورٹڈ حکومت نامنظور،قوم کافیصلہ کن وقت آگیا،ہم نے فیصلہ کرنا ہے کہ ہم غلامی چاہتے ہیں یا آزادی، کیا ہم امریکہ کے غلاموں کی غلامی کرنے آئے ہیں یا آزادی سے جینے آئے ہیں، جو لوگ حکومت میں آئے ہیں یہ سب ضمانت پر ہیں، شہباز شریف ، حمزہ شہباز ضمانت پر، نوازشریف اور اس کے بیٹے مفرور ہیں،شہبازشریف پر 40ارب روپے کے کرپشن کے کیسز ہیں، کیاہم اسے اپنا وزیراعظم مان لیں؟،امریکہ نے اس قوم پر بڑے بڑے ڈاکوؤں کو مسلط کردیا ہے ،یہ قوم ان کو کبھی قبول نہیں کرے گی،نوجوانوں کا منہ کوئی بند نہیں کرسکتا،میرے پیارے ججز اور عدلیہ میں نے آزاد عدلیہ کیلئے جیل کاٹی،عدلیہ سے پوچھتاہوں،میں نے کیاجرم کیاتھا کہ جورات کو12بجے عدالت لگالی؟، میں نے کبھی قوم کواداروں،عدلیہ کیخلاف نہیں بھڑکایا،کیامراسلے میں یہ نہیں لکھاتھاعمران خان کوہٹادوتوسب معاف کردیاجائیگا۔ عمران خان نے کہا کہ اوامریکیو ہمیں تمہاری معافی کی ضرورت نہیں ہے ،تمہیں شریفوں اورزرداریوں کی عادت پڑی ہوئی ہے ،ہفتے کوکراچی اورجمعرات کومینارپاکستان لاہورمیں آرہاہوں،نوازشریف اور زرداری کے دور میں ڈرون حملے ہوئے ان کے منہ سے ایک لفظ نہیں نکلا،کیانیوکلیئرپروگرام ان دوڈاکوئوں کے ہاتھوں محفوظ ہے ؟، اگر ہم نے اس سازش کو کامیاب ہونے دیا تو آنے والی نسلیں کبھی معاف نہیں کرینگی، قوم نہیں شہبازشریف تم بھکاری ہو، تم ایک کرپٹ آدمی ہو،جس دن پی ٹی آئی نے کال دیدی شہبازشریف کوچھپنے کی جگہ نہیں ملے گی،نوازشریف سمجھ رہاہے اسے این آراوٹومل جائیگا،نوازشریف کسی غلط فہمی میں نہ رہنا میں اور میری قوم تمہار ا یہاں انتظار کررہی ہے ،مشرف نے ان کواین آراودے کرظلم کیا،ہم تم سے زبردستی الیکشن کرائینگے ،قوم جوتمہارے ساتھ کرے گی تم ہمیشہ کیلئے دفن ہوجائوگے ۔ عمران خان نے کہامجھے نکالنے کی سب سے زیادہ خوشی بھارت اور اسرائیل میں منائی گئی، اتناحکومت میں خطرناک نہیں تھاجتنااپوزیشن میں نظرآئونگا۔ شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے کہا کہ چیف جسٹس مراسلے پر کمیشن بنادے تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا ۔پرویز خٹک نے کہا کہ نومبر میں ابسولوٹلی ناٹ کہنے کے بعد سازش شروع ہوئی، اب انتخابات میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا ،ہم امریکہ سمیت کسی کے غلام نہیں ہیں ، کون بھکاری ہے یہ فیصلہ عوام کرے گی ۔ وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ عمران خان سابق وزیراعظم نہیں بلکہ آج بھی دلوں کے وزیر اعظم ہیں،امپورٹڈ حکومت کو کے پی کی عوام ایبسولوٹلی ناٹ کہتی ہے ۔ اسلام آباد ،لاہور( سپیشل رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) تحریک انصاف نے کہاہے کہ ملک میں امپورٹڈ حکومت کا راج ہے ،امریکہ نے اپنی ہی بنائی نئی حکومت سے ڈو مور کا مطالبہ کردیا ہے ، شہباز شریف نے دو چار دن ہیٹ پہن کر پھرنا ہے ، پھرلیں، تین لوگ ادھر ادھر ہوئے تو حکومت گرجائے گی، یہ ہمارے بغیر ملک نہیں چلاسکتے ، ۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزراء حماد اظہر اور فواد چودھر ی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ حماد اظہر نے کہاکہ پہلے دن یہ بڑے گرجتے برستے آئے ،ایک دن گزرا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ واپس لے کر یو ٹرن لے لیا،ایک ہی دن میں چینی کی قیمت بڑھ گئی ، گھی کی قیمتوں میں دس روپے کلو اضافہ کر دیا ،اگر سنبھالا نہیں جارہا ہے سمجھ کم ہے تو برائے مہربانی الیکشن ہونے دیں ۔ فواد چودھری نے کہاکہ نواز شریف، زرداری اور فضل الرحمان نے آفر کی کہ ہمیں وزیر اعظم بنا دیں،وہ خط اب اس وقت تمام اداروں کے پاس ہے ، چیف جسٹس کمیشن بنائیں،اس خط کی تحقیقات ہونی چاہئیں ۔ شہباز گل نے میڈیا سے گفتگو میں کہاہے کہ اگر امریکہ یہاں اپنے غلام بٹھائے گا تو ہم ایسی پالیسیوں کی مخالفت کریں گے ، عمران خان کیلئے مناسب سکیورٹی کا بندوبست کیا جائے ۔ سابق وزیر مملکت فرح حبیب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ن لیگ نے 64 اور پیپلزپارٹی نے 35 کروڑ کا حساب دینا ہے ، مریم نواز اور بلاول خود ریکارڈ لیکر آئیں ، امریکی بیان پرہمارے کرائم منسٹر کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں ۔ سینیٹر فیصل جاوید نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امپورٹڈحکومت جلد رخصت ہو جائیگی ، نئے انتخابات میں عمران خان وزیراعظم منتخب ہونگے ۔