شنگھائی (شوبزڈیسک) چین کی پہلی سائنس فکشن فلم ’’دا وانڈرنگ ارتھ‘‘ نے چینی باکس آفس پر شاندار کاروبار کرتے ہوئے 576 ملین ڈالر کا بزنس کر لیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق 50 ملین ڈالر کے بجٹ سے بننے والی سائنس فکشن فلم لیو سکسن کے ناول پر مبنی ہے جورواں ماہ کی 8 تاریخ کو ریلیز کی گئی جس نے منگل تک مقامی باکس آفس پر3.9بلین یوآن یعنی 576 ملین ڈالر کمائے ہیں ۔فلم ایک ایسے منصوبے بارے ہے جس میں سورج کے جل کر ختم ہونے پر زمین کو جوہری توانائی سے چلنے والے بڑے بڑے انجنز کے ذریعے سورج سے دور لے جایا جاتا ہے ۔ فلم کے سوشل میڈیا اکائونٹ میں بتایا گیا ہے کہ نارتھ امریکہ میں5 سال کے دوران کسی چینی فلم نے ریلیز کے 11ویں روز 3.8 ملین ڈالر کا بزنس کیا ہے ۔ فلم کے ہدایت کار گیو فان کا کہنا ہے کہ چینی سائنس فکشن فلموں کو ہالی وڈ فلموں کے معیار کا مقابلہ کرنے کے لئے ابھی کافی وقت درکار ہے لیکن وہ اس کے لئے پرامید ہیں۔ اگر چینی عوام دنیا اور مستقبل کے خواب کو پورا کرنا چاہتی ہے تو پھر چینی سائنس فکشن کا سفر روشن ہو گا۔