لاس اینجلس(نیٹ نیوز،این این آئی)آسکر ایوارڈ کی تقریب کے پروڈیوسر ول پیکر نے انکشاف کیا ہے کہ کامیڈین کرس راک کو تھپڑ مارنے کے بعد پولیس اداکار وِل سمتھ کو گرفتار کرنے کے لیے تیار تھی لیکن کرس نے منع کردیا۔ ول پیکرنے ایک پروگرام میں ول سمتھ کے کرس راک کو تھپڑ مارے جانے کے معاملے پر بات کی۔ان کا کہناتھا اگر کرس راک لاس اینجلس پولیس کو نہ روکتے تو وہ ول اسمتھ کو گرفتار کرنے کو تیار تھی۔پولیس نے کہا تھا یہ جرم ہے ، آپ کہیں تو ول سمتھ پر مقدمہ بنایا جاسکتا ہے لیکن کرس راک نے پولیس کو یہ کہہ کر بات ختم کردی کہ میں ٹھیک ہوں اور ول سمتھ کو اس مقام تک میں ہی لے کر گیا کہ انہوں نے ہاتھ اٹھایا لہٰذا معاملہ رفع دفع کیا جائے ۔ادھرامریکی کامیڈین کرس راک نے اپنے لائیو کامیڈی شو کے دوران مداح کو اس وقت ڈانٹ دیا جب وہ ول سمتھ کو برا بھلا کہہ رہا تھا۔