کراچی (سٹاف رپورٹر، اے پی پی) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی میں پائیدارکاروباری ترقی اور نمو کیلئے جامع منصوبہ بندی پر زوردیتے ہوئے کہا کہ سب سے زیادہ ریونیو اورٹیکس کے حامل شہرکے بنیادی انفراسٹرکچرمیں بہتری کی ضرورت ہے ،تاجر برادری چوتھے صنعتی انقلاب کے ثمرات حاصل کرنے کیلئے آئی ٹی شعبے میں سرمایہ کاری کرے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریز میں 17 ویں ’’مائی کراچی نمائش‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرگرین لائن منصوبے پربات کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ یہ منصوبہ شہرکے لوگوں کو آرام دہ اوروقت کی بچت کی حامل سفری سہولت فراہم کریگا۔ صدر نے کہا کہ K4 منصوبے کا مقصد شہرکی روزانہ پانی کی ضرورت کو پورا کرنا ہے ،امید ہے کہ یہ 2023ء تک مکمل ہو جائیگا۔صدرنے کہا کہ ملک بھرکے نوجوانوں کو ہنرپرمبنی تربیت فراہم کرنا حکومت کے اولین مقاصد میں سے ہے تاکہ روزگار اورکاروباری صلاحیت کو بڑھایا جا سکے ،تعمیراتی شعبے کوسہولت فراہم کرنے سے صنعت کی ترقی کے ساتھ ساتھ روزگارکے بہت سے مواقع بھی پیدا ہوں گے ۔صدرنے تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کو پاکستان میں گیس کی بڑھتی طلب پورا کرنے کیلئے بھی اہم قراردیا۔ ادھر صدر مملکت سے نجی فلاحی تنظیم جے ڈی سی کے وفد نے ظفر عباس گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔صدر نے کہا بینک صنعت کاروں کو آسان قرضے فراہم کرنے کے علاوہ غریبوں کو بھی کم سے کم شرح سود پر آسان قرضے فراہم کریں۔انہوں نے نجی شعبے پر زور دیا کہ وہ بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کیلئے ملازمت کے مواقع پیدا کرنے کیلئے آگے آئیں۔علاوہ ازیں صدرڈاکٹرعارف علوی اورگورنرعمران اسماعیل سے کراچی پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران نے صدرفاضل جمیلی کی سربراہی میں ملاقات کی۔