پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے بدھ کے روز صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی ہے۔ آرمی چیف نے صدر مملکت کو دہشت گردی کے خلاف جاری فوجی آپریشنز سے آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے فوج کیخلاف الزامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے رخنہ ڈالنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کیا۔ملک کے موجودہ حالات میں صدر مملکت اور آرمی چیف کے مابین ملاقات ملکی استحکام اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کے حوالے سے انتہائی خوش آئند ہے۔ ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی صورتحال کا تقاضا یہی ہے کہ اس قسم کی مشاورتی ملاقاتیں جاری رہیں اور وسیع تر قومی مفاد،مفاہمت ، اداروں کے مابین ہم آہنگی اور ملکی استحکام کے لیے مزید شخصیات کو بھی اس میں شامل کیا جائے۔ صدر مملکت اور آرمی چیف کے مابین ملاقات سے ریاست کی خود مختاری ، ملکی سالمیت کے تحفظ اور قومی ترقی و خوشحالی میں پاک فوج اور دیگر اداروں کے مابین مضبوط روابط کے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ملکی استحکام اور ادارہ جاتی شمولیت کی غرض سے وسیع اور مضبوط تر ملکی مفاد اور قومی یکجہتی کے تناظر میں اس طرح کی ملاقاتوں کاسلسلہ جاری رکھا جائے تاکہ ریاست کے تمام سٹیک ہولڈرز ، تمام سیاسی جماعتیں اور ادارے باہمی ہم آہنگی اور ربط کے ساتھ ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنے حصے کا کر دار ادا کر سکیں۔