لاہور(اشرف مجید) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب شارق جمال خان نے 23مارچ سے پنجاب بھر میں ای چالاننگ سسٹم شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی ،ابتدائی طور پر تین اضلاع سے ای چالاننگ شروع ہو گی ، تجربہ کے لئے پرنٹر اور ہینڈ ڈیوائس خرید لی گئیں ،پی آئی ٹی بی بورڈ آج ٹریفک افسران کو بریفنگ دے گا ۔ذرائع کے مطابق پنجاب بھر میں ای چالاننگ سسٹم شروع کرنے کے حوالے سے ڈی آئی جی ٹریفک شارق جمال خان کی ہدایت پر ایس ایس پی ٹریفک ہیڈ کوارٹر محمد عباس نے پنجاب انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی بورڈ کو ای چالاننگ ہینڈ ڈیوائس اور منی پرنٹر فراہم کر دیا ہے اس ضمن میں ایپ بھی تیار کر لی گئی ہے جس کو ہیڈ ڈیوائس اور پرنٹر کے ساتھ لنک کیا جائے گا تا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر شہری کو پرانے کتاب سسٹم کی بجائے ای چالان چٹ فراہم کی جائے گی ۔ذرائع کے مطابق فیصلہ کیا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر 23مارچ سے ای چالاننگ سسٹم کو تین اضلاع قصور ،ننکانہ صاحب اور شیخوپورہ سے شروع کیا جائے گا جبکہ اسکے 20دنوں میں یہ سسٹم پنجاب بھر میں شروع کر دیا جائے گا جس کے لئے ٹریفک پولیس ہیڈ کوارٹر اپنی مدد آپ کے تحت تمام ڈیوائسز اور منی پرنٹر خریدے گی جسے خریدنے کے لئے آئی جی پنجاب رائو سردار علی سے باقاعدہ منظوری حاصل کی جا رہی ہے ،پنجاب بھر میں ای چالاننگ سسٹم کے لئے ٹریفک ہیڈ کوارٹر پنجاب 7ہزار کے قریب ہیڈ ڈیوائس اور منی پرنٹر خریدے گا ۔