فیصل آباد(پ ر)چیئرمین دی ینگ ویٹس سوسائٹی ڈاکٹر محسن علی کا کہنا ہے کہ پاکستان ویٹرنری کونسل اور زرعی یونیورسٹی فیصل آبادکی انتظامیہ ہوش کے ناخن لے اور ایف ایس سی پری ایگریکلچر کے طلبہ کا معاملہ لٹکانے کی بجائے جلد از جلد حل کیاجائے ، انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمینز کی طرف سے انٹرمیڈیٹ پری میڈیکل کا مساوی سرٹیفکیٹ جاری کئے جانے کے باوجود طلبہ کو پی وی ایم سی کی طرف سے لائسنس جاری کرنے میں حیلے بہانوں سے کام لیا جا رہا ہے جس کا کوئی جواز موجود نہیں، یہ تمام کھیل چند افراد کی ذاتی مخالفت کا نتیجہ ہے جس کی وجہ سے 200 سے زائد طلبہ اذیت کا شکار ہیں۔ ایف ایس سی پری ایگری کلچر کے متاثرہ مختلف بیجز کے زیر تعلیم اور فارغ التحصیل طلبہ سے گفتگومیں ڈاکٹر محسن علی کا کہنا تھا کہ پی وی ایم سی کے تمام مطالبات کو پورا کیا جا چکا ہے مگر ابھی بھی لائسنس جاری نہ کیاجانا سمجھ سے بلاتر ہے ۔اس موقع پر طلبہ نمائندوں کا کہنا تھا کہ نہ صرف سینکڑوں طلبہ بلکہ انکے خاندان بھی ذہنی کشمکش کا شکار ہیں اسلئے طلبہ کے مستقبل میں پتھر اٹکانے کا عمل بند کیا جائے اور طلبہ کو لائسنس جاری کیے جائیں، اگر یہ عمل 15 دن میں شروع نہ ہوا تو یونیورسٹی اور پی وی ایم سی کے خلاف احتجاج سمیت تمام آپشن بروئے کار لائے جائیں گے ۔ چیئرمین دی ینگ ویٹس ڈاکٹر محسن علی نے وفد کو یقین دلایا کہ سوسائٹی معاملے کو حل کروانے کی بھرپور کوشش کر یگی، اس سلسلے میں یونیورسٹی انتظامیہ اور پی وی ایم سی حکام سے جلد ملاقات کی جائیگی اور انکا نقطہ نظر جاننے کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔