پاکستان سٹاک مارکیٹ ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔سٹاک مارکیٹ میں 483 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور 100 انڈیکس 53 ہزار 140 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔اس سے پہلے 6 سال قبل مئی 2017 میں ٹریڈنگ کے دوران سٹاک مارکیٹ میں 53 ہزار 127 پوائنٹس کی سطح ریکارڈ کی گئی تھی۔ کاروبار کی بہتری کے لیے کسی بھی ملک میں امن و امان کی صورتحال کا بہتر ہونا ضروری ہوتا ہے ، کسی بھی ملک کی ترقی کے راز کو سمجھنا ہو تو وہاں کی امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیں وہ خود بخود سمجھ آجائے گی ۔ جب کسی کاروباری آدمی یا فرم کو اس بات کا علم ہوتا ہے کہ اب حالات بہتر ہوں گے اور بیرون ممالک سے سرمایہ کاری کے علاوہ آرڈر ملنا بھی شروع ہو جائیں گے تو وہ سٹاک مارکیٹ میں سے شیئر خریدتا ہے ۔پاکستان میں ایک عرصہ سے سیاسی صورتحال خراب ہے جبکہ انتخابات کے لیے بھی الیکشن کمیشن تیار نہیں تھا۔ ان حالات میں سرمایہ دار اپنا پیسہ نکا ل کر باہر لیکر جا رہے تھے لیکن جیسے ہی عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہو اہے تب سے سٹاک مارکیٹ میں جان آئی ہے اور ایک دن میں ہی 483پوائنٹس کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے ۔امید قائم ہے کہ جب عام انتخابات کی سرگرمیاں شروع ہو جائیں گی تو سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ ہو گا ۔