لاہور(شوبزڈیسک) خوابوں اور خوشبوؤں کی شاعرہ پروین شاکر کو اپنے مداحوں سے بچھڑے 27 برس بیت گئے لیکن ان کی شاعری کی خوشبو آج بھی فضاؤں میں مہک رہی ہے ،24 نومبر 1954 کراچی میں پیدا ہونے والی پروین شاکر نے جس گھر میں آنکھ کھولی وہ صاحبان علم کا خانوادہ تھا، ان کے خاندان میں کئی نامور شعرا اور ادبا پیدا ہوئے جس کی وجہ سے وہ اپنے گھر میں ہی کئی شعراء کے کلام سے روشناس ہوئیں،جامعہ کراچی سے انگریزی ادب میں ایم اے کی ڈگری حاصل کی، انتہائی کم عمری میں ہی انہوں نے شعر گوئی شروع کردی تھی، پروین شاکر کی پوری شاعری ان کے اپنے جذبات و احساسات کا اظہار ہے ، اُنہوں نے زندگی کے تلخ و شیریں تجربات کو نہایت خوبصورتی سے لفظوں کے قالب میں ڈھالا ہے ، اُن کے کلام میں ایک نوجوان دوشیزہ کے شوخ جذبات کا اظہار ہے تو زندگی کی سختی کا اظہار بھی ملتا ہے ۔ پروین شاکر 1994 میں اسلام آباد میں ایک ٹریفک حادثے میں خالق حقیقی سے جا ملیں۔