لاہور (فورم رپورٹ : رانا محمد عظیم ، محمد فاروق جوہری )تحریک عدم اعتما د اپوزیشن کا آ ئینی اور قانونی حق ہے ہم بھی اس کا سامنا آ ئینی اور جمہوری طریقہ سے کریں گے ۔تحریک عدم اعتماد، زرداری حیرت انگیز سرپرائز دے سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب اور اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے روزنامہ92نیوز فورم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ تحر یک عدم اعتمادد اپوزیشن کا آ ئینی اور قانونی حق ہے اور ہم بھی آ ئینی اور جمہوری طریقہ سے مقابلہ کریں گے انہوں نے کہا کہ فیصلہ اب پارلیمنٹ میں ہی ہونا ہے ۔ ہر کام آ ئین اور قانون کے مطابق ہی ہو گا ۔مسلم لیگ (ض) کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کا اونٹ جس پر بھی بیٹھا وہ دب جائے گا۔ موجودہ حالات کو دیکھ کر لگتا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کا اونٹ سب پر بیٹھ جائے گا اور آخر میں کسی کے ہاتھ کچھ نہیں آ ئے گا، اس وقت حالات تصادم کی طرف جا رہے ہیں ،سیاسی جماعتوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں اور عدم برداشت کی فضا پیدا نہیں کرنی چاہئے ۔جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد، زرداری حیرت انگیز سرپرائز دے سکتے ہیں۔زراور زور والے کے ہاتھوں مال والااور مولانادونوں کے ساتھ ایک اور ہاتھ ہو سکتا ہے ، مارچ کے اس آخری عشرے میں ہونی انہونی اور انہونی ہونی ہو سکتی ہے سب سے زیادہ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ آصف علی زرداری اپنے ارکان پارلیمنٹ کو آرٹیکل 63کے تحت ووٹ دینے کے لیے بلارہے ہیں جبکہ عمران خان نیازی اسی آرٹیکل 63کے تحت اپنے اراکان کو پارلیمنٹ جانے سے روک رہے ہیں۔