لاہور (وقائع نگار۔ 92 نیوز رپورٹ)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزرا،ن لیگ،پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز سمیت 25 سے زائد ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔پارلیمنٹرینز نے وزیراعظم اوروزیراعلیٰ پنجاب پربھر پور اعتماد کا اظہارکیا اوراپوزیشن کی جانب سے ہارس ٹریڈنگ کی شدید مذمت کی۔وزیراعلیٰ نے کہا اپوزیشن آگ سے کھیل رہی ہے ، بدقسمتی سے مخالفین نے پاکستان کے مفادات کو داؤ پر لگایا ہوا ہے ، حکومت کیخلاف ہر سازش ناکام بنائیں گے ۔ چھانگامانگا اورمری کی سیاست نہیں چلے گی،کپتان کیساتھ قوم کھڑی ہے اورشکست مخالفین کا مقدر ہے ، اپوزیشن نے ووٹ کی بجائے نوٹ کو عزت دے کر اپنی ساکھ تباہ کرلی ہے ،سیاسی انتشار پھیلانے کی کوشش اپوزیشن کو بہت مہنگی پڑے گی، اپوزیشن نے ہارس ٹریڈنگ کرکے سیاست کو آلودہ کیا ہے ، اپوزیشن ملک میں انارکی پھیلا کرذاتی ایجنڈا پورا کرنا چاہتی ہے ، اپوزیشن کے ساتھ جو ہونے جارہاہے ، وہ دنیا دیکھے گی،شکست خوردہ عناصر کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنیوالوں میں صوبائی وزرا مراد راس،ڈاکٹر یاسمین راشد،حامدیار ہراج،رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ،پیپلز پارٹی کے رکن پنجاب اسمبلی رئیس نبیل احمد،ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی میاں جلیل شرقپوری،ارکان صوبائی اسمبلی رائے ظہور،فیصل فاروق چیمہ،چودھری مسعود احمد،مسرت جمشید چیمہ، سمیرا احمد،لطاسب ستی،پیر مختار،محی الدین کھوسہ،سمیع اللہ چودھری،سید رضا بخاری اوردیگر شامل تھے ۔تحریک انصاف کے رہنمائاویس دریشک نے بھی وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔ملاقاتوں میں حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں، سیاسی صورتحال اورلاہور میں جاری فلاح عامہ کی سکیموں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے ہولی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی، مختلف علاقوں سے آنے والے ہندو،سکھ،کرسچین اوردیگر اقلیتی نمائندے ہولی کی تقریب میں شریک ہوئے ،وزیراعلیٰ کو ایم پی اے یدسٹرچوہان نے ہندو کمیونٹی کی طرف سے چولستان کی روایتی پگ پہنائی،ہندو مذہبی رہنما نے ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کی دعا کی،وزیراعلیٰ نے ہندو برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے کیک کاٹا۔وزیراعلیٰ نے کہا پاکستان میں اقلیتوں کو جو مذہبی آزادی حاصل ہے ، بھارت میں اسکا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔صوبائی وزراء اعجاز عالم، تیمور بھٹی، ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور، اراکین پنجاب اسمبلی یدسٹر چوہان، ہارون عمران گل، مہندر پال سنگھ، سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور، سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ حکام نے تقریب میں شرکت کی۔وزیر اعلیٰ نے ہندو برادری کومبارکباد دیتے ہوئے کہا ہولی کا تہوار بھائی چارے اور خیر سگالی کے جذبات کو فروغ دیتا ہے ۔وزیر اعلیٰ نے میانوالی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے چلڈرن وارڈ میں آتشزدگی کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کر لی ۔