لاہور(وقائع نگار،کامرس رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزرا سمیت 20 سے زائد اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں ۔ پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی رئیس نبیل احمد بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے ۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور حلقو ں میں جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ پارلیمنٹرینز نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر بھرپور اعتماد کااظہارکیا۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم تحریک عدم اعتماد میں سرخرو ہوں گے ۔اپوزیشن کی جانب سے ہارس ٹریڈنگ کی مذمت کرتے ہیں۔قوم نے منڈیاں لگانے والوں کا دوغلا چہرہ دیکھ لیا ۔ اپوزیشن کی گیم اوور ہوچکی ۔ اپوزیشن کی جانب سے منڈیا ں لگانا غیر جمہوری اقدام ہے ۔اپوزیشن کا منفی بیانیہ عوام نے پہلے بھی مسترد کیا، اب بھی کریں گے ۔وزیر اعلیٰ سے صوبائی وزیر حامد یار ہراج، اسد کھوکھر، ڈاکٹر یاسمین راشد، خواتین اراکین قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ، اسماء قدیر،رکن قومی اسمبلی محمد افضل خان ڈھانڈلہ،اراکین پنجاب اسمبلی غضنفر عباس چھینہ، عامر عنایت شاہانی،مسرت جمشید چیمہ، سمیرا احمد،محسن عطا خان کھوسہ، عمر تنویر، جاوید اختر انصاری، اعجاز حسین، سردار احمد علی دریشک،رضا حسین بخاری اور دیگر شامل تھے ۔علاوہ ازیں صوبائی وزراء سبطین خان،ڈاکٹر اختر ملک اورحافظ ممتاز احمد نے ملاقات کی جس میں محکموں کی کارکردگی اورسیاسی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے علامہ اقبال ٹاؤن میں ڈور پھرنے سے موٹر سائیکل سوار نوجوان کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ کے حکم پر ڈی ایس پی علامہ اقبال ٹاؤن اور ایس ایچ او تھانہ علامہ اقبال ٹاؤن کو معطل کر دیا گیا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے فیروز پور روڈ پر ایک ہزار بیڈ کے جنرل ہسپتال کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ جنرل ہسپتال کے منصوبے کے پہلے مرحلے میں 250 بستروں پر مشتمل ایمرجنسی و ٹراما سنٹر بنے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہسپتال 123 کنال اراضی پر بنے گا۔پہلے مرحلے میں 250 بیڈز کی ایمرجنسی بلاک اور ٹراما سنٹر بنایا جائے گا۔ ہسپتال کی مجموعی لاگت کا تخمینہ 7ارب 55کروڑ روپے لگایاگیا ہے ۔ پہلے مرحلے میں بیسمنٹ،گراؤنڈ فلور اور6فلور تعمیر کیے جائیں گے اور اگست2023ء تک یہ ہسپتال فنکشنل ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جناح ہسپتال اور سروسز ہسپتال میں بھی نئی ایمرجنسیز بنیں گی اور ان تمام منصوبوں کیلئے 17 ارب روپے مختص کر دیئے ہیں ۔