لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )سینئر صحافی و تجزیہ کار رانا عظیم نے کہا ہے مجھے تو عدم اعتماد کی تحریک پیش ہوتی نظر نہیں آرہی۔پروگرام دی لاسٹ آورمیں اینکر پرسن یاسر رشید سے گفتگو میں ان کاکہناتھاتمام حکومتی اتحادی آخری دن تک ایسے لگے گا، اپوزیشن میں چلے گئے ہیں،ہو سکتا ہے کچھ اعلان بھی ہوجائے مگر آخری دن گیم حکومت کے حق میں الٹ جائے گی،یہ بھی ہوسکتا ہے اپوزیشن کے اندر سے ایک بڑا اتحادی یہ کہہ کر سائیڈ پر ہوجائے کہ یہ انتشار کی سیاست ہے ،ایک خبر یہ ہے کہ کسی جگہ پر یہ فیصلہ ہوچکا کہ ٹرین ساری الٹے گی۔ ایک ذمہ دار نے بتایاپرویز الٰہی کے ساتھ ن لیگ ہاتھ کرنے جارہی ہے ۔حمزہ شہباز کے سوا کسی کو وہ وزیر اعلیٰ بنانا ہی نہیں چاہتے ۔تحریک انصاف کے رہنما امجد علی خان نے کہا ن لیگ کے ایک ممبر نے اس بات کا اعتراف کیاکہ ہم ویسے تو عمران خان کو نہیں ہٹا سکے ،اب ہمارا سارا دارو مدار ہارس ٹریڈنگ پر ہے ، الیکشن کمیشن اور اعلیٰ عدالتوں کو نوٹسز لینے چاہئیں۔ایم کیو ایم کے ر ہنما صابر قائم خانی نے کہا اتحادیوں کی اپوزیشن اور حکومت سے ملاقاتیں جاری ہیں اور ہر پارٹی اپنے فیصلوں میں آزاد ہے ۔پیپلز پارٹی کے رہنما تیمورتالپور نے کہا ہمارا پہلے بھی ایم کیو ایم کے ساتھ اتحاد رہا،اب بھی ان سے اچھی بات چیت ہوئی ،دونوں پارٹیاں کراچی کی ترقی چاہتی ہیں۔پاکستانی مندوب او آئی سی رضوان سعید شیخ نے کہا او آئی سی کانفرنس پاکستان کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہے ۔بھارت نے جو میزائل فائر کیا،جب اجلاس عالمی سطح پر صورتحال کا جائزہ لے گا تو ظاہر ہے یہ بھی زیر بحث ہوگا۔