لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرمملکت برائے پا رلیمانی امور علی محمد خان نے کہاکہ جس پاکستان نے نوازشریف کو تین بار وزیراعظم بنایا اوروہ اس کیخلاف ہی بیان بازی کررہاہے وہ تو ایک ضمانت دے کر گئے کہ علاج کرا کے واپس آئیں گے ، 92 نیوز کے پروگرام نائٹ ایڈیشن میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا نوازشریف کو بتانا چاہتا ہوں جو کہناہے ہمیں کہو پاکستان کوکچھ نہ کہو، نوازشریف صاحب اپنے گھر کو ہی نہیں جلایاجاتا، آ پ کی سیاست بچے نہ بچے ملک بچنا چاہئے ۔ مسلم لیگ ن کے رہنما خرم دستگیر نے کہا کہ ہمارے وزیراعظم اپنی سیاسی ذمہ داریوں سے مفرور ہیں ، وہ قومی سلامتی کی اہم میٹنگز سے مفرورہوجاتے ہیں اورآرمی چیف کو سیاسی قیادت کوبلانا پڑتا ہے ،دشمن آئین پاکستان کی زبا ن نہیں بولتا ، کروز میزائل کے حوالے سے اگر نوازشریف کچھ بولا تو سچ ہی کہا ہے ،اس میں کیا ہے ۔ مسلم لیگ ن کے باغی ایم پی اے اشرف انصاری نے کہاکہ مجھے پارٹی کے فیصلے کی کوئی سمجھ نہیں آئی، پہلے شوکاز نوٹس دیاجاتا ہے لیکن ہمارے ساتھ تو بالکل اس کے برعکس ہوا ہے ، ہم نے اپنے حلقے کے چھوٹے موٹے مسائل کے حل کے حوالے سے وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کی ، ہم پانچ ہی نہیں بلکہ پارٹی کے اور بہت سارے اراکین ا سمبلی نے بھی نوازشریف کے بیانیہ پر تحفظات کا اظہار کیا ہے ، پارٹی کیلئے کام کرنے وا لوں کو پارٹی سے نکال دیا جائے گا تو پھر تحریک کیسے چلے گی۔ پیپلزپارٹی کے رہنما سید نوید قمر نے کہاکہ اے پی سی میں تمام پارٹیوں نے مل کر ایک بیانیہ دیا جو تمام پارٹیوں کامشترکہ ایجنڈاہے جس پر ہم سب قا ئم ہیں، ہم نے کوئی انتخابی اتحاد نہیں بنایا۔ تجزیہ کار صابر شاکرنے کہا پیپلزپارٹی والے کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے خدانخواستہ ملک سے جمہوریت ختم ہوجائے ، زرداری کے اسٹیبلشمنٹ کے سا تھ اچھے تعلقات ہیں۔