لاہور(کلچرل رپورٹر)معروف گلوکارہ و اداکارہ حدیقہ کیانی کو نئی ڈرامہ سیریل’’پنجرہ‘‘ میں کاسٹ کرلیا گیا ہے ۔ انسٹا گرام پر شازیہ وجاہت نے حدیقہ کیانی کی شوٹنگ کے سیٹ کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ وہ بھی ’’پنجرہ‘‘ کا حصہ ہیں شازیہ وجاہت کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیوز اور تصاویر میں سوشل میڈیا اسٹار اور حال ہی میں نشر ہونے والے ڈرامے ’صنف آہن‘ کے ذریعے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والی دنانیر مبین کو بھی دیکھا جا سکتا ہے ۔ مذکورہ ڈرامے کی رائٹر اسما نبیل رواں برس جولائی میں بریسٹ کینسر کے باعث انتقال کر گئی تھیں۔انہوں نے ’خانی، باندی، دمسی، خدا میرا بھی ہے ، دل کیا کرے اور سرخ چاندنی‘ سمیت دیگر ڈراموں کی کہانیاں لکھی تھیں۔