پشاور(ممتازبنگش )خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر کی حد ایک بار پھر کم کردی ہے ، اب ملازمین 63سال کے بجائے 60سال کی عمر میں ریٹائر ہونگے ،ریٹائرمنٹ کی عمر کی حد کا فیصلہ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیاجس میں طے پایا کہ ریٹائرمنٹ کی عمر 60سال کرنے کیلئے قانون میں ترمیم کی جائے گی۔ اس کی منظوری کابینہ کے آئندہ اجلاس میں لی جائے گی جس کے بعد ملازمین 60سال کے عمر میں ہی ریٹائر تصو ر ہوں گے ۔ اس سلسلے میں محکمہ فنانس اور اسٹیبلشمنٹ کو ایک ہفتے کے اندر عملدرآ مد کرنے کا حکم دیا گیا ہے ،اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ رضاکارانہ طور پر ریٹائر ہونے والوں کی ریٹائرمنٹ کا طریقہ کار بھی تبدیل کیاجائیگا تاکہ خزانے پر بوجھ کو کم سے کم کیا جاسکے ۔ اسی طرح میڈیکل گرائونڈ پر ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کی جانب سے اس سہولت کے غلط استعمال کا سدباب بھی کیاجائے گا اور قانون میں ضروری ترمیم کی جائے گی ،اجلاس میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ ریٹائرمنٹ کی عمر کی حد کم کرکے چند مخصوص سروسز کیلئے یہ حد بڑھانے کے آپشن بھی وضع کئے جائیں گے تاکہ دورس فوائد حاصل کئے جاسکیں۔