ممبئی( نیٹ نیوز) بالی ووڈ میں ’’ڈِسکو کِنگ‘‘ کے نام سے مشہور69 سالہ گلوکار اور موسیقار بپّی لہری منگل کی رات ممبئی کے ایک ہسپتال میں چل بسے جنہوں نے اسّی اور نوے کے عشرے میں ڈسکو گیتوں کو مقبول بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بپی لہری کا انتقال بھارت کے کریٹی کیئر ہسپتال میں گزشتہ روز ہوا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بپی کو ایک ماہ قبل صحت کے مختلف مسائل کے باعث ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں 2 روز قبل ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا لیکن گزشتہ رات طبیعت بگڑنے کے باعث انہیں دوبارہ ہسپتال لایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے ۔ ڈاکٹر کے مطابق بپی لہری کو جب ہسپتال لایاگیاتوان کابلڈپریشرکم تھا اور ان کی نبض بھی ڈوبی ہوئی تھی۔ بپی لہری کی طبیعت بحال کرنے کی کوشش کی گئی لیکن بہت دیر ہوچکی تھی۔ بپی لہری کے انتقال پربھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے بھی افسوس کا اظہار کیا گیا ہے ۔