ملتان (سپیشل رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم قیادت اسٹیبلشمنٹ کو نشانہ بنارہی ہے ، قومی اداروں پر حملہ پاکستان کے مفاد میں نہیں، مریم نواز کا ٹویٹ بچگانہ ہے ، حکومت کسی کو این آر او نہیں دے گی ، جنوبی پنجاب کے سول سیکرٹریٹ کو مکمل فنکشنل ہونے میں کچھ تاخیر ہو گئی تاہم سیکرٹریٹ کے لئے کچھ آسامیاں پُر کر لی گئی ہیں ، بھارتی دہشت گردی کے ٹھوس ثبوت عالمی برادری کے سامنے رکھے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر خارجہ نے کہا بھارتی عزائم کو بے نقاب اور ناکام کرنے کے لئے پوری قوم کو مل کر کام کرنا ہو گا ، بھارت پاکستان کی صلاحیتوں کو جانتا ہے ، اگر بھارت باز نہ آیا تو جنوبی ایشیا کا امن داؤ پر لگ سکتا ہے ۔شاہ محمود قریشی نے کہا ہم پی ڈی ایم کے جلسوں سے گھبرائے نہیں ، اللہ نہ کرے کسی جلسے میں کوئی نا خوشگوار واقعہ ہوتا ہے تو ذمہ داری ہم پر عائد ہو گی، کورونا کی دوسری لہر کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے ، کورونا کے حوالے سے اپوزیشن کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا جنوری میں حکومت کا خاتمہ اپوزیشن کی خواہش ہو سکتی ہے ، اپوزیشن کی بوکھلاہٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان میں اتحاد نہیں ۔ وزیر خارجہ نے کہا مسلم لیگ (ن) کے اندر ایک گروہ اپنی قیادت کے بیانیے سے متفق نہیں۔ انہوں نے کہا 2013 میں تحریک انصاف نے بڑے بڑے جلسے کئے مگر الیکشن نہ جیت سکے ، اپوزیشن جماعتوں کو گلگت بلتستان میں الیکشن مہم چلانے کا پورا وقت ملا ۔ جنوبی پنجاب سول سیکرٹریٹ پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے لئے رولز آف بزنس میں ترامیم کی گئیں، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے فنڈز ریلیز ہو گئے ہیں ، جگہ کا انتخاب ہو گیا ہے ، سیکرٹریٹ کو مکمل فنکشنل ہونے میں کچھ تاخیر ہو گئی۔انہوں نے کہا نواز شریف کی واپسی کے لئے برطانیہ کی حکومت کو لکھ بھیجا ہے ۔ نو منتخب امریکی صدر کے حوالے سے وزیر خارجہ نے کہا جوبائیڈن پاکستان کو اچھی طرح جانتے ہیں ،وہ خارجہ امور پر بھرپور مہارت رکھتے ہیں ،پاک بھارت مسائل سے بھی جو بائیڈن پوری طرح واقف ہیں ۔ شاہ محمود قریشی نے مہنگائی پر کہا کہ مہنگائی مافیا کے لئے کوئی نرم گوشہ نہیں ، حکومت نے مہنگائی پر قابو پانے کے لئے بھرپور اقدامات کئے ہیں، ملک میں گندم کا کوئی بحران نہیں ہو گا ،مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کسی ایک بندے کی گرفتاری سے جلسے نہیں رکا کرتے ۔این این آئی کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا ایل او سی پر بھارتی جارحیت کو دنیا بھر میں اجاگر کریں گے ، بھارت کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے قوم کو متحد ہونا ہوگا،دنیا سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہو کر امن کیلئے سوچے اور بھارت کے تخریبی منصوبوں کا نوٹس لے ۔