لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے فوج کی طاقت عوام ہیں، فوج اور عوام کے درمیان پھوٹ پیدا کرنے کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔آرمی چیف نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا، اس موقع پر کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز نے ان کا استقبال کیا۔آئی ایس پی آر کے مطا بق لاہور گیریژن کے دورہ کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے آرمی چیف کا کہناتھاغلط معلومات اور پروپیگنڈے سے ریاست کی سالمیت کو خطرہ ہوتا ہے ، فوج اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوششوں برداشت نہیں کرینگے ، ایسے عناصر کے خاتمے کیلئے فوری اور مؤثر کارروائی ضروری ہے ۔آرمی چیف نے گیریژن افسران اور ریٹائرڈ افسران سے بھی گفتگو کی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سی ایم ایچ کا دورہ بھی کیا اورلاہور میں پیش آنے والے واقعہ میں زخمی ہونے والے میجرحارث کی عیادت کی۔ آرمی چیف نے کہا ملزمان گرفتار ہوچکے ہیں، لاہورواقعہ پر قانون اپنا راستہ لے گا اورگرفتار ملزموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایاجائے گا،کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔