کراچی (سٹاف رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک، صباح نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے چوری کے ووٹ سے آئی حکومت ناجائز اورنااہل ہے ، اس حکومت کے خاتمے کیلئے اسلام ا ٓباد تک جائینگے ۔کراچی میں پی ڈی ایم کے مہنگائی کیخلاف احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا مہنگائی سے پریشان لوگ بچے بیچنے اور خودکشیوں پر مجبور ہیں۔ پارلیمنٹ لاجز کے سامنے لوگوں نے بچے برائے فروخت رکھے ہوئے ہیں۔تاریخ گواہ ہے جہاں اقتصادی بحران آیا وہاں بغاوت نے جنم لیا۔ ہم بھیک مانگ کر دن رات گزار رہے ہیں،کبھی سعودی عرب اور کبھی چین سے بھیک مانگ رہے ہیں ،22کروڑ عوام کی دنیا بھر میں رسوائی ہو رہی ہے ۔ جو حکومت قوم کی رسوائی کا باعث بنے اسے اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔سیاسی قیادت نے کردار ادا نہ کیا تو قوم سیاستدانوں سے متنفر ہوجائے گی،ہم ملک کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں،اس حکومت کو سمندر برد نہ کیا تو ملک کی سلامتی کا سوال پیدا ہوگا۔ سابق وزیر اعظم اور ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ملک میں مہنگائی، غربت اور بے روزگاری سے ہر شخص پریشان ہے ۔پی ڈی ایم آئین و قانون کی بالادستی چاہتی ہے ۔عوام موجودہ نظام قبول کرنے کو تیار نہیں۔پاکستان کے مسائل کا حل فوری اور شفاف انتخابات میں ہے ۔مشکلات کا حل صرف ملکی نظام کو آئین کے مطابق چلانے میں ہے ۔ پیپلز پارٹی شیر پائو کے سربراہ آفتاب شیر پائو ، محمود اچکزئی ،عبدالمالک بلوچ، مولانا عبدالغفورحیدری، مولانا اویس نورانی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا یہ حکومت جعلی ہے اور اسے مسلط کیا گیا ہے ۔ دھاندلی کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا منصوبہ لا یا جا رہا ہے ۔ہم چاہتے ہیں الیکشن میں کوئی مداخلت نہ کرے ۔ لاہور ،اسلام آباد، سیالکوٹ ( 92 نیوزرپورٹ ،آن لائن، ڈسٹرکٹ رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے ،دونوں رہنمائوں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے مولانا فضل الرحمن اور نواز شریف نے حکومت پر پارلیمنٹ کے اندر اور باہر دبائو بڑھانے پر اتفاق کیا ۔ نواز شریف نے حکومت کو قومی اسمبلی کے حالیہ اجلاس میں قانون سازی کے دوران شکست دینے پر اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پر اظہار اطمینان کیا اور کہا جعلی مینڈیٹ سے آنے والی حکومت کی بیساکھیاں ٹوٹ رہی ہیں ،اب تو اتحادی بھی جان چھڑا رہے ہیں ، عوام کوبھی بڑھتی مہنگائی میں پتہ چل گیا ہے تبدیلی سرکار نے ان کے ساتھ کیا کیا ۔مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا اس حکومت کو مزید وقت دینا عوام اور ملک سے ظلم ہوگا اور جو اسوقت اس حکومت کاساتھ دیں گے وہ بھی مجرم ہوں گے ۔مولانا فضل الرحمن نے لاہور جلسے کو لانگ مارچ کی شکل دیکر اسلام آباد لانے سے متعلق بھی نواز شریف سے مشاورت کی ۔ نواز شریف نے یقین دلایا پی ڈی ایم 15 نومبر کو لانگ مارچ کے بارے میں جو بھی فیصلہ کرے گی ن لیگ ساتھ دے گی،دونوں رہنمائوں نے پی ڈی ایم کے احتجاجی پلان کو بھی طے شدہ شیڈول کے مطابق آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا لوگوں کی امید کھونے سے زیادہ خطرناک کوئی چیز نہیں ہو سکتی۔ افسوس کی بات ہے پی ٹی آئی کی نااہل اور کرپٹ ترین حکومت کی وجہ سے لوگ مایوسی کی خطرناک حد کو چھو رہے ہیں، ہفتہ وار افراط زر کی شرح 17.37 فیصد تک پہنچ گئی ،اتنی مہنگائی میں لوگ کیسے اپناپیٹ پالیں؟ن لیگ کے مرکزی رہنما خواجہ آصف نے مراد پور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا دھاندلی سے برسراقتدار آنے والی جماعت نے ملک تباہ کر دیا ۔ کنٹینر پر چڑ ھ کر لگائے گئے نعرے اور وعدے سب جھوٹ ثابت ہوئے ۔عوام کو 40 ماہ کے دوران کیا ملاہے صرف مہنگائی اور کچھ نہیں۔ عوام تیاری کریں اگلے سال الیکشن ہونے والے ہیں۔