کراچی (سٹاف رپورٹر )گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے سینئر رہنما علیم خان پنجاب کی جیلوں میں ترقیاتی کام کرارہے ہیں اور وہ سندھ کے جیلوں کی بہتری کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں۔ جرمانہ کی عدم ادائیگی کے باعث جو قیدی اپنی مدت سزا مکمل کرنے کے باوجود قید میں ہیں ، ان کی فہرست طلب کی ہے ،کوشش کریں گے ان کے جرمانے ادا کردیئے جائیں۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روزوزیراعظم کے معاون خصوصی محمود مولوی اور تحریک انصاف کے سینئر رہنما علیم خان کے ہمراہ سینٹرل جیل کراچی کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔گورنرسندھ نے کہا کہ کراچی میں گرین لائن بس منصوبے کا بھی جلد آغاز کردیں گے ۔گورنرسندھ نے کہا کہ شور مچانے والوں کو عوام میں کوئی دلچسپی نہیں بلکہ اپنے اقتدار کے لئے اچھل کود، بھاگ دوڑ کررہے ہیں، ان کو کوئی ٹیکہ لگتا ہے یہ پھر آجاتے ہیں ،مولانا کو اب اقتدار سے الگ رہنے کی عادت ڈال لینی چاہئے ،یہ لوگ چاہتے ہیں ان کے کیسز معاف کرکے انھیں اقتدار میں شامل کرلیا جائے ،پی ڈی ایم والے کبھی ایک دوسرے کو برا بھلا کہتے تو کبھی ایک دوسرے سے گلے ملتے ہیں۔ تحریک انصاف کے سینئر رہنما علیم خان نے کہا کہ کراچی کی جیلوں میں بھی قیدیوں کی بھلائی کے لئے اپنی فاونڈیشن کے ذریعے کام کرنا چاہتے ہیں اور کراچی کی جیلوں میں بہتری کے لئے گورنر سندھ کی ہدایت پر صوبائی ہوم ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے میکنزم بھی بنائیں گے ۔ قبل ازیں گورنرسندھ نے وزیراعظم کے معاون خصوصی محمود مولوی اورتحریک انصاف کے سینئر رہنما علیم خان کے ہمراہ سینٹرل جیل کراچی کا دورہ کیا اور سینٹرل جیل میں قیدیوں کو فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔آئی جی جیل خانہ جات نے گورنر سندھ کو جیل امور پر بریفنگ دی۔سینٹرل جیل میں قائم ہینڈی کرافٹ اور پینٹنگ یونٹس بھی گئے وہاں پر قیدیوں کی بنائی گئی پینٹنگ اور دستکاری کے تیار نمونوں کی تعریف کی۔