لاہور (کرائم رپورٹر ) سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی فیاض احمد دیو نے کہا ہے کہ لاہور پولیس پاک آسٹریلیا کرکٹ سیریز میں شریک تمام ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں،آفیشلز اور سٹیڈیم آنے والے شائقین کرکٹ کوبھرپورسکیورٹی فراہم کرے گی۔ مربوط اور موثر پلاننگ کے تحت سیریز کے تمام میچز کی سکیورٹی کے لئے پی ایس ایل اور گذشتہ انٹرنیشنل کرکٹ ایس او پیز کو مدنظر رکھ کر پہلے سے زیادہ بہتر لائحہ عمل تشکیل دیا گیا ہے ۔ سیریزکے دوران قذافی سٹیڈیم کے اطراف پارکنگ ایریاز اور ٹیموں کے روٹس پر سی سی ٹی کیمروں کی مدد سے موثر مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے گی۔ دریں اثنا سی سی پی او فیاض احمد دیو کا کہنا ہے کہ رواں سال 2کروڑ 85 لاکھ روپے سے زائد ویلفیئر گرانٹس 846 پولیس فیملیز میں تقسیم کی گئیں جس میں سے ینٹیننس الائونس کی مد میں پولیس فیملیز میں 01 کروڑ 767 لاکھ روپے سے زائد رقم، پولیس ملازمین کے بچوں کے تعلیمی اخراجات کے لئے 13 لاکھ روپے سے زائد، پولیس اہلکاروں کی بچیوں کے شادی بیاہ کے لئے 42لاکھ روپے ، رہٹائرڈ ملازمین کی آخری تنخواہ کی مد میں ساڑھے دس لاکھ روپے ، گروپ انشورنس کی مد 48 لاکھ روپے اور پولیس ملازمین کے علاج معالجہ کے لئے 05لاکھ روپے سے زائد رقم تقسیم کی گئی ۔