لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہورہائیکورٹ کے جسٹس شاہدکریم نے سموگ کے تدراک کے لئے دائر درخواست کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں مارچ میں ایسا موسم آیا جو موسمی اور ماحولیاتی تبدیلی کی نشاندہی کر رہا ہے ،اگر ہم اب بھی نہیں سمجھیں گے تو کب سمجھیں گے ،حکومت کو کام کرنے کی ضرورت ہے ، ہمارے ہر طرف پلاسٹک ہے جس کا صحت پر بہت برا اثر ہوتا،پلاسٹک بوتل مضر صحت ہے ،مال روڈ کا گرین ایریا کنکریٹ لگا کر تباہ کر دیا،کنکریٹ کو توڑ دینا چاہئے ،پورا لاہور پارکنگ بنا ہوا ہے ، پی ایچ اے کا اہم کردار ہے جو وہ ادا نہیں کر رہے ، لاہورمیں ہونے والے میچ کے لئے کیا انتظامات کئے گئے ہیں؟،ٹریفک حکام نے کہا ٹریفک بلاک نہیں ہو گی۔لاہورہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے پولی پروپرین بیگز کے استعمال کے خلاف درخواست پرمحکمہ ماحولیات اورمحکمہ انڈسٹریز سمیت مدعاعلیہان کونوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس سردارسرفراز احمد ڈوگرنے شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن نہ کرنے پر دائرتوہین عدالت کی درخواست پر عملدرآمد رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 28 مارچ تک ملتوی کردی،عدالت نے تجاوزات نہ ہٹانے پر برہمی کااظہارکیا۔لاہور ہائی کورٹ نے اوور سیز پاکستانیوں کو بلدیاتی الیکشن میں ووٹ کا حق نہ دینے کے خلاف درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے وفاقی وصوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرکے 11اپریل کو جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہدوحید نے محکمہ بہبود آبادی کے سوشل موبلائزرزکوتعیناتی کے روز سے مستقل نہ کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت کی ، عدالتی حکم پر سیکرٹری محکمہ بہبود آبادی پنجاب پیش ہوئے ،فاضل جج نے عدالتی احکامات پرعمل درآمد نہ کرنے برہمی کا اظہارکیا، سیکرٹری محکم بہبود آبادی نے بتایا سیکرٹری قانون کی سربراہی میں عملدرآمد کمیٹی قائم کردی جوایک ماہ میں عدالتی احکامات پرعملدرآمد یقینی بنائے گی۔