لاہور(کامرس رپورٹر)متعددسیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کیلئے انتخابی نشان سبکی ،ندامت اور پریشانی کا باعث بننے لگے ۔الیکشن کمیشن نے مختلف سیاسی جماعتوں کو مجموعی طورپر 330انتخابی نشان جاری کئے ۔سیریل نمبر32کے تحت بوتل کا انتخابی نشان بوتل کو شراب کی بوتل کے معنوں میں لیتے ہوئے مرد اور خصوصاً خواتین امیدواروں کو ذومعنی فکروں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔سیریل نمبر44کے تحت تتلی کا انتخابی نشان خواتین امیدواروں کیلئے پریشانی کا باعث بنتا ہے اور انہیں جملے سننا پڑتے ہیں۔سیریل نمبر 56کے تحت چارپائی اور سیریل نمبر23کے تحت پلنگ کے انتخابی نشان معیوب معنوں میں لیے جاتے ہیں۔سیریل نمبر74کے تحت مگرمچھ کا انتخابی نشان ہے ۔جس سے امیدواروں کو مگر مچھ کے آنسو جیسے فکرے سننا پڑتے ہیں۔سیریل نمبر123پر بکری کا انتخابی نشان ہے ۔بکر ی کو عموماً کمزوی اور بزدلی کا نشان سمجھا جاتا ہے ۔ امیدوار بکری کے نشان سے پریشان ہیں کیونکہ انہیں بکری کے نام سے پکارا جاتا ہے ۔سیریل نمبر 241میں بھیڑ کا انتخابی نشان ہے ۔بھیڑ کو بھی بکری کی طرح بھاگنے والا اور بیوقوف جانور سمجھا جاتا ہے ۔سیریل نمبر135 کے تحت مرغی کا انتخابی نشان خواتین کیلئے انتہائی ناپسندیدہ ہے اور انہیں گھر کی مرغی اور کڑکڑ جیسے جملے سننا پڑتے ہیں۔ انسانی آنکھ کا نشان بھارتی فلموں میں دی جانے والی ماں بہن کی گالیوں کے باعث بدنام ہوچکا ہے ۔سیریل نمبر37کے تحت بینگن کا انتخابی نشان پانے والوں کو تھالی کے بینگن کا جملہ سننا پڑتا ہے ۔سیریل نمبر126پر مرچ کا نشان امیدواروں کیلئے بہت سے ذومعنی جملوں کا باعث بنتا ہے ۔سیریل نمبر251کے تحت چڑیا کا انتخابی نشان خواتین امیدواروں کیلئے مشکلا ت پیدا کرتا ہے ۔ لوگ امیدواروں کو چڑیا کے نام سے پکارنے لگتے ہیں۔سیریل نمبر253کے تحت مکڑی کا نشان پانے والے امیدواروں کو سازشی اور منصوبہ ساز جیسے جملے سننا پڑتے ہیں۔سیریل نمبر304کے تحت سرنگ یا ٹنل کا انتخابی نشان خواتین کیلئے معیوب سمجھا جاتا ہے ۔سیریل نمبر243کے تحت جوتے کا انتخابی نشان پانے والے امیدواروں کو بہت سے جملے سننا پڑتے ہیں۔جن میں بوٹ پالش، جوتے پڑنا، جوتے چھوڑکر بھاگنے والا جیسے طنزیہ جملے شامل ہیں۔سیریل نمبر86کے تحت گدھا گاڑی انتخابی نشان کے حامل امیدوارکو گدھا آیا گدھا آیا جیسے جملوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔سیریل نمبر117کے تحت پاکستان اسلامک ری پبلک پارٹی کو غبارے کا انتخابی نشان دیا گیا ہے ۔پارٹی کے امیدوار کو شکست یا دستبردار ہونے کی صورت غبارے سے ہوا نکل گئی جیسے جملے سننا پڑ سکتے ہیں۔سیریل نمبر172کے تحت ماچس کا انتخابی نشان رکھنے والے امیدوار وں کو آگ لگانے والی یا والا اور ایسی آگ لگائے جو بجھ نہ پائے جیسے جملے سننے پڑ سکتے ہیں۔سیریل نمبر193کے تحت طوطے کا نشان پانے والے امیدواروں کو طوطاچشم جیسے فکروں کو سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔سیریل نمبر220کے تحت خواتین امیدواروں کیلئے انگوٹھی کا انتخابی نشان ووٹروں کی طرف سے ذومعنی جملوں کا باعث بن سکتا ہے کیونکہ خواتین عام طورپرپر انگوٹھی کو خاص استعمال منگنی یا شادی کے دوران کے موقع پر کرتی ہیں۔