کراچی (شوبز ڈیسک)معروف ادیبہ،ناول نگار فاطمہ ثریا بجیا کی چھٹی برسی آج جمعرات کو منائی جائے گی۔ فاطمہ ثریا بجیا 1930ء کو بھارتی شہر حیدرآباد میں پیدا ہوئیں تقسیم ہند کے بعدوہ پاکستان منتقل ہو گئیں۔فاطمہ ثریا پاکستان کی ادبی دنیا کا روشن ستارہ تھیں انہوں نے ریڈیو اور ٹیلی ویڑن کیلئے لاتعداد ڈرامے لکھے جبکہ اداکاری کے جوہر بھی دکھائے ۔فاطمہ ثریا بجیا کے لکھے گئے معروف ڈراموں میں شمع،عروسہ،افشاں،سسی پنوں،آبگینے اور دیگر قابل ذکر ہیں حکومت پاکستان کی جانب سے ادبی خدمات پر انہیں 1997ء میں تمغہ حسن کارکردگی اور 2012ء میں ہلال امتیاز سے نوازا گیا انہیں جاپان سمیت لاتعداد قومی و بین الاقوامی اعزازات سے بھی نوازا گیا۔فاطمہ ثریا بجیا 10فروری2016ء کو طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔