لاہور(نامہ نگارخصوصی،این این آئی)جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک نے گلوکار علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا مہم چلانے کے مقدمہ میں گلوکارہ میشائشفیع اور ماہم جاوید کی حاضری معافی کی درخواستیں بلاجواز قرار دے کر مسترد کر دیں،عدالت نے گلوکارہ میشائشفیع اور شریک ملزمہ ماہم جاوید کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے اور ملزموں کو 50 ہزار کے ضمانتی مچلکے جمع کرا کے 19 فروری کو پیش ہونے کا حکم دیدیا ،عدالتی تحریری حکم میں کہاگیا میشائشفیع اور ماہم جاوید کے گزشتہ سماعت پر بھی قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے ،دونوں نے سرنڈر کرنے کی بجائے پھر حاضری معافی کی درخواستیں دائر کر دیں، خود کو سرنڈر کئے بغیر دوسری بار حاضری معافی کی درخواست دائر نہیں کر سکتیں، ملزمہ میشا شفیع اور ماہم نے حاضری معافی کی درخواست میں کوئی مناسب جواز بھی پیش نہیں کیا، آئندہ سماعت پر اگر علی ظفر کے وکیل نے زیر التواء درخواستوں پر دلائل نہ دیئے تو پراسیکیوٹر کے دلائل کی روشنی میں فیصلہ کر دیا جائیگا۔ملزمہ عفت عمر، فیضان رضا، حسیم الزمان، فریحہ ایوب، علی گل اور لینا غنی نے حاضری مکمل کرائی۔