لاہور(سٹاف رپورٹر)منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے زیر اہتمام شادیوں کی اجتماعی تقریب میں 25 مستحق جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے ان میں مسیحی جوڑا بھی شامل تھا۔صوبائی وزیر سید یاور عباس بخاری اور صوبائی وزیر آشفہ ریاض فتیانہ نے شادیوں کی اجتماعی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے دولہوں اور دلہنوں کے ہمراہ آئے ہوئے 15 سو باراتیوں اور ان کے عزیز و اقارب کے لیے خصوصی ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے تمام دولہوں اور دلہنوں کو گھڑی جبکہ فضہ حسین قادری نے تمام دلہنوں کو سونے کا سیٹ تحفے میں دیا۔اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے خصوصی مبارکبادی پیغام میں کہا کہ اسلام کی سیاسی، سماجی، اخلاقی عمارت مواخات اور صلہ رحمی پر استوار ہے ۔