لاہور(بابر علی ) لاہور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے والٹن ایئرپورٹ اور باب پاکستان سے منسلک اراضی پر بلند و بالا عمارتوں کی تعمیر کیلئے ماسٹر پلان کی منظوری دیدی ہے ۔ دونوں مقامات پر اوسطاً دس، دس کنال کے پلاٹوں پر کثیر المنزلہ رہائشی اور کمرشل عمارتیں تعمیر ہوں گی۔تفصیلات کے مطابق لاہور شہر میں بلند و بالا عمارتوں کی تعمیر کیلئے لاہور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے اقدامات جاری ہیں۔ اس مد میں والٹن ایئر پورٹ سے ملحقہ اور نرسری ایریا پر مشتمل 2200 کنال اراضی کے استعمال کیلئے ماسٹر پلان تیار کیا گیا۔ اس میں سے 68 فیصد اراضی 1496 کنال پر بلند و بالا عمارتیں تعمیر ہوں گی۔ 254.32 کنال پر رہائشی عمارتیں تعمیر ہوں گی جبکہ 538.56 کنال اراضی رہائشی اور کمرشل استعمال کے لئے مخلوط طور پر استعمال کی جائے گی۔ 703.12 کنال اراضی کمرشل اینڈ بزنس ہب کیلئے مختص ہو گی۔ 16 فیصد اراضی 352 کنال (1584000سکوئر فٹ) پر سڑکیں تعمیر ہوں گی جبکہ باقی 16 فیصد اراضی 352 کنال (1584000سکوئر فٹ) اراضی مختلف مقاصد کیلئے خالی چھوڑی جائے گی۔مزید برآں باب پاکستان پر دستیاب 936 کنال اراضی میں سے 62 فیصد 580 کنال پر بلند و بالا عمارتیں تعمیر ہوں گی۔ 98.6 کنال پر رہائشی عمارتیں تعمیر ہوں گی جبکہ208.8 کنال اراضی رہائشی اور کمرشل استعمال کے لئے مخلوط طور پر استعمال کی جائے گی۔272.6 کنال اراضی کمرشل اینڈ بزنس ہب کیلئے مختص ہو گی۔ 19 فیصد اراضی 178 کنال (800280سکوئر فٹ) پر سڑکیں تعمیر ہوں گی جبکہ باقی 19 فیصد اراضی178 کنال (800280سکوئر فٹ) اراضی مختلف مقاصد کے لئے خالی چھوڑی جائے گی۔